تازہ ترین
پی ٹی آئی کے عمر ایوب وزارت عظمیٰ، اسلم اقبال پنجاب اور سالار کاکڑ بلوچستان میں وزارت اعلیٰ کے امیدوار
پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹرگوہر نے وزیراعظم اور صوبوں میں پی ٹی آئی کے وزارت اعلیٰ کے امیدواروں کا اعلان کردیا۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ الیکشن کے حوالے سے بات ہوئی ہے،وفاق، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حکومتی امور سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو ہوئی، عمر ایوب پی ٹی آئی سے وزیراعظم کے امیدوار ہوں گے، امید ہے عمر ایوب ہی وزیراعظم بنیں گے، اکثریت ہوگی تو بانی پی ٹی آئی کے باہر آنے تک عمر ایوب وزیراعظم ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ میاں اسلم پنجاب کے وزیراعلیٰ کے امیدوار ہوں گے، وفاق اور پنجاب میں بھی پی ٹی آئی جلد حکومت بنائے گی،بلوچستان میں سالار خان کاکڑ وزیراعلیٰ کیلئے امیدوار ہوں گے،کے پی میں اسپیکر کے امیدوار عاقب اللہ ہوں گے،مرکز میں اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا نام پرسوں تک سامنے رکھیں گے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی الیکشن میں ریکارڈ کے مطابق 180 سیٹیں جیت چکی ہے،پی ٹی آئی ہر فورم پر عوامی مینڈیٹ کا دفاع کرے گی،الیکشن کمیشن اور عدلیہ سے درخواست کرتے ہیں 70 کیسز پر جلد فیصلہ کیا جائے،کوئی بھی یہ حق نہیں رکھتا کہ جعلی مینڈیٹ سے حکومت آئے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے ساتھ کسی طرح کی پاور شیئرنگ نہیں کریں گے، پی ٹی آئی کی سیاست پاور شیئرنگ کیلئے نہیں ہے، مینڈیٹ واپس ملنے تک ہم مضبوط اپوزیشن کریں گے،پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن عوام کے نام پر سیاست کرکے اپنے مفاد کا خیال رکھتے ہیں،پی ٹی آئی پاکستانی جھنڈوں کے ساتھ پرامن احتجاج ریکارڈ کرائے گی،پی ٹی آئی پیپلزپارٹی سے کسی صورت مذاکرات نہیں کرے گی، جو مشکل سے 20 سیٹیں بھی حاصل نہ کرسکے انہیں حکومت دی جارہی ہے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر ہفتے کو ملک بھر میں احتجاج کریں گے،جماعت اسلامی، جی ڈی اے، جے یو آئی، اے این پی، ٹی ایل پی اس مینڈیٹ کو قبول نہیں کرتیں،پی ٹی آئی عوام کے مینڈیٹ کو چوری نہیں ہونے دے گی۔