Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

تازہ ترین

پنجاب اسمبلی : اپوزیشن کارروائی کا بائیکاٹ کر گئی، اسمبلی گیٹ پر علامتی اجلاس

Published

on

پنجاب اسمبلی میں ارکان کی معطلی پر اپوزیشن نے ایوان میں احتجاج کیا جب کہ حکومتی اراکین کی جانب سے بھی اجلاس کے دوران شور شرابا کیا گیا۔ اپوزیشن نے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور ایوان سے باہر چلے گئے۔ جس کے بعد سنی اتحاد کونسل نے اسمبلی کے گیٹ کے باہرعلامتی اجلاس شروع کیا اور کہا کہ 11 معطل اراکین اسمبلی کی بحالی تک اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے سپلیمنٹری بجٹ مطالبات زر کا آغاز کردیا۔ اپوزیشں کی جانب سے جمع کروائی گئی کٹوتی کی تحریک پر کارروائی شروع ہوئی تو حکومتی اراکین نے بھی شور شرابا شروع کیا۔

اپوزیشن رکن اسمبلی رانا آفتاب نے کہا کہ اسپیکر صاحب حکومتی اراکین کو خاموش کروائیں۔ جس پر اسپیکر نے کہا کہ گزشتہ روز آپ نے بھی شور شرابا کیا، اب آپ بھی اسی شور شرابے میں بولیں۔

اپوزیشن اراکین کی تقریر کے دوران حکومتی اراکین کا شور شرابا دیکھ کر اسپیکر نے ایک بار پھر اپوزیشن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز آپ لوگ میری بات نہیں مان رہے آج یہ نہیں مان رہے۔

اجلاس میں اپوزیشن اراکین نے بھی نعرے لگائے، اسپیکر نے اراکین کو نشستوں پربیٹھنےکی تنبیہہ کی۔ جس کے بعد اپوزیشن نے اجلاس کی کارروائی کا بائیکاٹ کیا اور ایوان سے باہر چلے گئے۔

اپوزیشن لیڈرملک احمد خان بھچر نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا ایسی اسمبلی میں نہیں جانا جہاں فارم سینتالیس کی وزیراعلیٰ ہو۔ ارکان کی بحالی تک احتجاج جاری رکھا جائے گا۔

پنجاب اسمبلی کی کارروائی کا بائیکاٹ کرنے کے بعد سنی اتحاد کونسل نے اسمبلی کے گیٹ کے باہرعلامتی اجلاس شروع کیا۔

اپوزیشن اراکین نے کہا کہ 11معطل اراکین اسمبلی کی بحالی تک سنی اتحاد کونسل اجلاس میں شرکت نہیں کرے گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل اپنا علامتی اجلاس گیٹ کے باہر منعقد کرے گی، ہمارے اراکین اسمبلی کو بحال کیا جائے ورنہ بائیکاٹ جاری رہے گا۔

وقاص مان علامتی اجلاس کے اسپیکر ہیں، اجلاس میں قاضی احمد اکبر نے ڈیفینیشن بل نامنظور کرنے کی قراداد پیش کی۔ علامتی اسپیکرپنجاب اسمبلی نے اراکین اسمبلی سے ہاتھ اٹھا کر ووٹ دینے کا کہا، جس کے بعد تمام اراکین نے ہاتھ اٹھا کر ڈیفینیشن بل نامظور کرنے کی قرار داد منظور کرلی۔ اور پھر علامتی اسپیکر وقاص مان نے بل نامنظور ہونے کا علامتی اعلان کیا۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین