ٹاپ سٹوریز
ریحانہ ڈار، علی اعجاز بٹر، ظہیر کھوکھر سمیت 16 امیدواروں کی انتخابی نتائج روکنے کی درخواستیں خارج
لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف،مریم نواز،عون چوہدری،خواجہ آصف،علیم خان سمیت دیگر کے انتخابی حلقوں کے نتائج کیخلاف درخواستیں مسترد کرتے ہوئے انہیں الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے ہارنے والے 17 امیدواروں کی درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنا دیا،عدالت نے تمام سترہ درخواستیں خارج کرتے ہوئے درخواست گزاروں کو الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔
عدالتی فیصلے کے مطابق درخواستوں میں بیان کیے گئے تنازعات کو اس فورم پر تفصیل سے نہیں سنا جا سکتا،تمام درخواستوں کو ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کیا جاتا ہے،سولہ دیگر درخواستوں کو مسترد کرنے کی وجوہات تفصیلی فیصلے میں بتائی جائیں گئی۔
عدالت نے ریحانہ ڈار ،علی اعجاز بٹر ، میاں شہزاد فاروق ، ظہیر عباس کھوکھر ،میاں محمود الرشید اور زبیر خان نیازی کی درخواستوں پر سماعت کی،الیکشن کمیشن اور مسلم لیگ نون کے وکلا نے درخواستوں کے قابل سماعت ہونے کے بارے میں اعتراضات اٹھاٸے اور استدعا کی کہ ساری درخواستیں الیکشن کمیشن کو بھجوایا جاٸے۔
فاضل جج نے استفسار کیا کہ عدالت سے رجوع کرنے سے پہلے کیا الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ افسروں کو رجوع کرنا ضروری نہیں تھا. درخواست گزاروں کے وکلا نے جواب دیا کہ ریٹرنگ افسروں سے رجوع کیا تھا لیکن معاملہ فارم 45 اور 47 میں فرق کا ہے. فارم 47 کو امیدواروں کی عدم موجودگی میں مرتب کیا گیا جو غیر آٸینی ہے۔
الیکشن کمیشن میں ریٹرننگ افسران کے خلاف شکایات کا ریکارڈ پیش کیا،الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کہ متعدد درخواست گزاروں نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ہے،ان درخواستوں پر نوٹس جاری کر دئیے گئے ہیں،درخواست گزاروں کا پہلا فورم الیکشن کمیشن بنتا ہے،الیکشن کمیشن جلد ٹربیونل تشکیل دے گا جو تمام درخواستوں پر سماعت کرے گا۔
سلمان اکرم راجہ کے وکیل نے بتایا کہ تین روز تک ریٹرننگ آفیسر سے کوشش کے باوجود ملاقات نہیں ہو سکی،عدالت نے این اے 128 کے ریٹرننگ آفیسر کو پیش نہ ہونے پر تحریری جواب جمع کروانے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کیاتھا۔
،لاہور ہائیکورٹ میں شہزاد فاروق،ظہیر عباس کھوکھر،توقیر عباس،میاں محمود الرشید،بیرسٹر علی اعجاز،زبیر خان نیازی،عمر اسلم خان اور ریحانہ امتیاز ڈار سمیت دیگر نے درخواستیں دائر کی تھیں۔