پاکستان

لاہور میں ٹریفک جام کی وارننگ کے لیے سکرینز نصب ہوں گی، خوانچہ فروشوں کی ریڑھیوں کے لیے جگہ مختص کرنے کی ہدایت

Published

on

وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں لاہور میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لئے تجاویز اور سفارشات کا جائزہ لیا گیا،سی ٹی او عمارہ اظہرنے ٹریفک مینجمنٹ پروگرام پر بریفنگ دی، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کی نشاندہی کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

پہلے مرحلے میں موٹر سائیکل  سوار کے ہیلمٹ اور کار سوار کے سیٹ بیلٹ نہ پہننے پرآرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے ای چالان ہو گا۔

دوسرے مرحلے میں ٹریفک قوانین کی 24خلاف ورزیوں پر آرٹیفیشل انٹیلی جنس مانیٹرنگ کے ذریعے چالان شروع ہو گا۔

ٹریفک کی روانی میں بہتری کے لئے31 مقامات پر عارضی تجاوزات فوری طور پر ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا تاہم وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ کسی غریب خوانچہ فروش کی ریڑھی نہ اٹھائی جائے،ریڑھیاں کھڑی کرنے کے لئے لائن لگا دی جائے۔

اجلاس کے دوران لاہور میں 82مقامات پر روڈز انجینئرنگ اور ڈیزائننگ کی اجازت دی گئی،لاہور میں 28مقامات پر سڑکوں کی تعمیرومرمت کی منظوری بھی دی گئی،88 مقامات پر ون وے کی خلاف ورزی روکنے کے لئے ٹائر کلر لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے ٹریفک جام کی صورت میں وارننگ کے لئے سکرینیں نصب کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے لئے سختی کرنا پڑی تو کریں گے،کسی بے گناہ کی جان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دے سکتے،لوگوں کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے والوں سے رعایت نہیں کی جائے گی،مہذب معاشرے میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کو اچھا نہیں سمجھا جاتا۔

اجلاس میں سابق سینیٹر پرویز رشید،رکن اسمبلی مریم اورنگزیب،ثانیہ عاشق نے شرکت کی۔

آئی جی پولیس، سی سی پی لاہور، کمشنر لاہور، سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، چیف انجینئر ایل ڈی اے، چیف انجینئرٹیپا اور دیگر متعلقہ حکام موجود تھے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version