پاکستان

انٹرنیٹ، موبائل فون سروس کی بندش، جماعت اسلامی کا الیکشن کمیشن کو خط، پیپلز پارٹی نے پٹیشن جمع کرادی

Published

on

جماعت اسلامی کراچی نے انٹرنیٹ کی بندش پر الیکشن کمیشن کو خط لکھ  کرانٹرنیٹ سروس فوری بحال کرنے کامطالبہ کیا جبکہ پیپلز پارٹی کی نائب صدر شیری رحمان نے الیکشن کمیشن لاہور میں انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بند کرنے کے خلاف پٹیشن جمع کرائی۔

جماعت اسلامی کراچی الیکشن سیل کے نگراں راجہ عارف سلطان نے موبائل سروس کی بحالی کے حوالے سے صوبائی الیکشن کمشنر شریف اللہ صاحب کے نام خط ارسال کیا۔

ترجمان جماعت اسلامی کراچی  کے جاری بیان کے مطابق نیٹ اور موبائل سروس کی بندش کی وجہ سے دھاندلی کے امکانات بہت بڑھ گئے ہیں،فوری طور پر نیٹ اور موبائل سروس بحال کروائیں اور نہ شفافیت کا مکمل جنازہ نکل جائے گا، الیکشن کمیشن نوٹس لے کر سروس بحال کروائے،وزارت داخلہ نے انٹرنیٹ سروس اور موبائل سروس مین پولنگ شروع ہونے کے تھوڑی دیر بعد بند کر دی،موبائل سروس بند کرنے کا  عمل کسی گہری سازش کا عندیہ دے رہا ہے،ٹرن آؤٹ بہت کم ہوگا،موبائل سروس بند کرنے کی وجہ سے دھاندلی کرنا انتہائی آسان ہوگا بلکہ دھاندلی تو رات سے شروع ہے،ابھی تک عملہ مکمل طور پر پولنگ اسٹیشنوں تک نہیں پہنچا اب تو رابطہ بھی ممکن نہیں،ایک بڑی تعداد پولنگ اسٹیشنوں کی ایسی ہے جہاں ابھی تک پولنگ شروع نہیں ہو سکی۔

ترجمان جماعت اسلامی کراچی کا کہنا ہے کہ رابطے کا ذریعہ نہ ہونے کی وجہ سے پولنگ اسٹیشنوں پر قبضے ہوں گے، ٹھپے لگائے جائیں گے،انتظامیہ یا الیکشن کمیشن کے لوگوں سے کوئی رابطہ نہیں کر سکے گا یعنی مارو اور رونے بھی نہ دو والی بات ہے،ووٹرز قطاروں میں موجود ہیں اندر عملہ نہیں ہے شام کو وہ حاضر ہو جائیں گے بیلٹ بکس پہلے سے بھرے ہوئے موجود ہوں گے،منصوبہ سازوں کی سازش پر مکمل عمل درآمد ہو جائے گا، بعد ازاں الیکشن کمیشن شفافیت کی مہر ثبت کر دے گا، پُر امن صاف اور شفاف انتخاب کا لائسنس بھی جاری کر دے گا۔

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان انٹرنیٹ اور موبائل سروس کی بندش کے خلاف پٹیشن جمع کرانے کے لئے الیکشن کمیشن پنجاب کے مرکزی دفتر پہنچیں، امجد حسین ایڈوکیٹ اور ملائکہ رضا بھی ہمراہ تھے۔

 شیری رحمان  کاکہنا ہے انتخابات کے دن انٹرنیٹ اور موبائل نیٹورکس کی بندش پر تشویش ہے،آج الیکشن کا دن ہے، آج موبائل اور انٹرنیٹ بند کرنا جمہوریت اور انتخابی عمل کی نفی کرے گا، الیکشن کے دن پر رابطہ لازم ہوتا ہے، پارٹی اور امیدوار کو پولینگ ایجنٹس سے رابطہ رکھنا ہوتا ہے،پولنگ ایجنٹس اپنی شکایات ہم تک کیسے پہنچائے گے؟ ہمارا سارا کمیونیکیشن کا نظام انٹرنیٹ پر انحصار کرتا ہے، ہماری گزارش ہے کہ الیکشن کمیشن فوری انٹرنیٹ سروس اور موبائل نیٹورک بحال کرے، پیپلز پارٹی کے وکلا اس معاملے پر عدالت میں بھی پٹیشن جمع کرائیں گے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version