تازہ ترین
باقی رہ جانے والی مختص نشستوں کی تقسیم شروع، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کو مزید نشستیں مل گئیں
الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی رہ جانے والی مختص نشستوں کی تقسیم کا عمل شروع کردیا۔
الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی ایک اقلیتی نشست اور خواتین کی مزید دو مخصوص نشستیں الاٹ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے، جس کے بعد پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کو مخصوص نشستیں الاٹ کردی گئی۔
خواتین کی مخصوص نشستیں پانے والوں میں پیپلز پارٹی کی سمیتا افضال اور ایم کیو ایم کی فوزیہ حمید شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے سریندر ولاسائی کو اقلیتی نشست الاٹ کی گئی ہے۔
سات مارچ کو پانچ ارکان اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھائیں گے، جن میں فوزیہ حمید، نثار کھوڑو، جام مہتاب، سمیتا افضال اور سریندر ولاسائی شامل ہیں۔
مخصوص نشستوں کی تقسیم کے بعد سندھ اسمبلی میں پیپلز پارٹی کی نشستوں کی تعداد 116، جبکہ ایم کیوایم کی نشستوں کی تعداد 37 ہوگئی ہے۔
اسی طرح اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے نو، جی ڈی اے کے تین اور جماعت اسلامی کا ایک رکن موجود ہے۔
قومی اسمبلی میں پنجاب سے خواتین کی مخصوص نشستوں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس کے مطابق پیپلز پارٹی کو دو اور مسلم لیگ ن کو ایک نشست مل گئی ہے۔
نوٹفکیشن کے مطابق ثمینہ خالد گھرکی، نتاشہ دولتانہ اور تمکین نیازی رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئی ہیں۔
اسی طرح قومی اسمبلی سے اقلیتوں کی ایک ایک مخصوص نشست مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور جے یوآئی ایف کو دے دی گئی ہے۔
نوٹفکیشن کے مطابق نیلم ، جیمز اقبال اور رمیشن کمار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوگئے ہیں۔