خواتین
پہلی سعودی خاتون خلا کے سفر پر روانہ،بچوں کے ساتھ تجربات شیئر کروں گی،ریانہ برناوی
نجی خلائی کمپنی ایگزیوم سپیس کا راکٹ پہلی عرب خاتون کو لے کر انٹرنیشنل سپیس سنٹر کے لیے روانہ ہوگیا، ریانہ برناوی، بریسٹ کینسر ریسرچر ہیں، جو ایک اور سعودی شہری، فائٹر جیٹ پائلٹ علی القرنی کے ساتھ خلا کے سفر پر روانہ ہوئی ہیں۔
ریانہ برناوی اور علی القرنی خلا کا سفر کرنے والے پہلے سعودی خلاباز ہیں، امریکا میں کیپ کیناورل میں واقع کینیڈی سپیس سنٹر سے ایگزیوم سپیس کمپنی کا راکٹ مقامی وقت کے مطابق شام 5.37 پر روانہ ہوا۔ اس ٹیم میں ناسا کے سابق خلاباز پیگی وٹسن بھی شامل ہیں، جو انٹرنیشنل سپیس سنٹر کا چوتھا سفر کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ٹینیسی سے تعلق رکھنے والے ایک تاجر جان شوفنر بھی ٹیم کا حصہ ہیں،یہ خلاباز ایک ہفتہ انٹرنیشنل سپیس سنٹر پر گزاریں گے۔
سعودی خلاباز ریانہ برناوی انٹرنیشنل سپیس سنٹر پر تحقیق کے لیے پرجوش تو تھیں، اس کے ساتھ انہیں اس بات کی بھی خوشی تھی کہ وہ بچوں کے ساتھ اس تجربہ کو شیئر کرسکیں گی جو انہیں انٹرنیشنل سپیس سنٹر میں کام کرتا دیکھ سکیں گے۔
اس ٹیم میں شامل سعودی فائٹر پائلٹ علی القرنی نے کہا کہ انہیں ہمیشہ ان دیکھی چیزوں اور مقامات کا تجسس رہتا ہے اور آسمان، اس پر چمکتے ستارے ہمیشہ ان کی دلچسپی کا مرکز رہے ہیں، یہ میرے لیے ایک بہترین موقع ہے کہ میں اس جذبے کو آگے بڑھاؤں اور اب شاید ستاروں کے درمیان پرواز کروں۔
یہ خلائی مشن ہیوسٹن میں قائم ایگزیوم سپیس کا دوسرا مشن ہے، پہلا سفر اس کمپنی کے ساتھ پچھلے سال تین تاجروں نے کیا تھا، ایک اور ریٹائرڈ ناسا خلاباز کے ساتھ۔ کمپنی مزید چند سالوں میں اسٹیشن میں اپنے کمرے شامل کرنا شروع کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
ایگزیوم کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ سعودی عرب کے خلاباز اور شوفنر، ٹینیسی کے تاجر کتنی رقم ادا کر رہے ہیں تاہم کمپنی نے ابتدا میں ٹکٹ کی رقم 55 ملین ڈالر بتائی تھی۔