تازہ ترین
حکومت نے کرنسی کی قدر میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرادی، آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات میں ایک دن کی توسیع
پاکستان اورانٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) کے وفد کے درمیان مذاکرات میں ایک روز ہ توسیع کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں کوئی تعطل نہیں،بعض معاملات پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے،بیرونی قرضوں کے حصول، توانائی سیکٹر کے گردشی قرضے پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے۔
ذرائع نے کہا کہ فریقین کے مابین ٹیکس پالیسی کے بعض نکات پر بھی مزید بات چیت کی ضرورت ہے،حکومتی ٹیم سرکاری افسران کے اثاثہ پبلک کرنےکے طریقہ پر آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے میں کامیاب رہی۔
ذرائع نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف وفد نے مطالبہ کیا کہ حکومت آئندہ بجٹ آئی ایم ایف کی رپورٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کرے، کاروباری طبقے کیلئے سالانہ 85 لاکھ روپے کے ٹرن اوور پر رجسٹریشن سسٹم متعارف کرانے کی تجویزدی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق حکومت نے آئی ایم ایف کو کرنسی کی قدر میں اتارچڑھاؤ میں مداخلت نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔