Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

نااہلی کی مدت پانچ سال تک محدود، انتخابات شیڈول میں الیکشن کمیشن بااختیار، پارلیمنٹ نے اہم ترامیم منظور کرلیں

Published

on

Decision to convene a joint session of Parliament on August 28 for important legislation

قومی اسمبلی نے نااہلی کی مدت کے تعین اور الیکشن کی تاریخ سے متعلق اصلاحات کا بل اتفاق رائے سے منظور کر لیا ہے۔

اس بل میں نااہلی کی مدت پانچ سال رکھ دی گئی ہے اور اس کی منظوری سے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور استحکام پاکستان پارٹی کے رہنما جہانگیر ترین سمیت دیگر کے لیے اہلیت کی راہ ہموار ہوگی۔

حکومت نے الیکشن ترمیمی بل قومی اسمبلی میں منظوری کے لیے پیش کیا جس میں آئین کے آرٹیکل باسٹھ ون ایف کے تحت الیکشن ایکٹ میں ترمیم تجویز کی گئی۔

الیکشن اصلاحات بل 2017 میں ترمیم کی گئی ہے اور اس سے الیکشن ایکٹ 2023 منظور کیا گیا ہے۔

الیکشن ایکٹ میں نئی ترمیم کے بعد آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت اب نااہلی کی سزا پانچ سال ہوگی۔ الیکشن ایکٹ 2023 کے تحت عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرنے کا اختیار صدر مملکت کے ساتھ مشاورت کے بغیر الیکشن کمیشن کو دینے کی ترمیم منظور کر لی گئی ہے۔

الیکشن ایکٹ 2023 سینیٹ نے چند روز قبل ہی منظور کیا تھا۔ اس کے ذریعے الیکشن کمیشن انتخابی شیڈول میں تبدیلی بھی کرسکے گا۔

صدر مملکت عارف علوی کی غیر موجودگی میں بل کی جلد منظوری کا امکان ہے۔ صدر کی عدم موجودگی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کا چارج سنبھال لیا ہے۔

قائم مقام صدر مملکت کی جانب سے الیکشن ایکٹ بل پر دستخط جلد متوقع ہیں اور یوں یہ بل ایکٹ آف پارلیمنٹ بن جائے گا۔

خیال رہے کہ صدر مملکت عارف علوی فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین