کھیل
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ بارش کی نذر، بھارت نے سیریز ایک صفر سے اپنے نام کر لی
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلا جانے والا دوسرا ٹیسٹ میچ بارش کےباعث ڈرا ہو گیا ہے، کھیل کے پانچویں روز بارش کے باعث ایک بال بھی نہ کھیلی جا سکی۔
بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں 438 رنز اسکور کئے، سابق بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے شاندار سنچری اسکور کی، جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 255 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔
بھارتی ٹیم نے اپنی دوسری اننگز 181 اسکور پر ڈکلئیر کی اور میزبان ٹیم کو 365 رنز کا ہدف دیا، چوتھے روز کھیل کے اختتام تک میزبان ویسٹ انڈیز نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز اسکور کئے۔
ویسٹ انڈین ٹیم کو آخری روز جیت کیلئے 289 رنز درکار تھے ، بھارتی ٹیم کا سیریز دو صفر سے جیتنے کا خواب چکنا چور ہو گیا۔
میچ میں شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرنے والے بھارتی فاسٹ باؤلر محمد سراج کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مہمان بھارتی ٹیم نے میزبان ٹیم کی دونوں میچوں میں خوب پھینٹی لگائی، بھارتی سورما ؤں نے سیریز کا پہلا میچ تین دن کے اندر ہی جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ، دوسرے میچ ڈرا ہونے کی صورت میں دونوں ٹیموں کو چار چار پوائنٹس دئیے گئے۔