پاکستان
کراچی میں بدامنی، ایم کیو ایم نے عید کے بعد وزیراعلیٰ ہاؤس کے گھیراؤ کا اعلان کردیا
ایم کیو ایم رہنما ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ شہر میں امن قائم نہ ہوا تو عید کے بعد وزیر اعلی ہائوس کا گھیرائو کریں گے۔
کراچی میں ڈکیتوں کے ہاتھوں قتل ہونے والے نوجوان عبدالرحمان کے جنازے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فاروق ستار نے وزیر اعظم اور چیف جسٹس سے کراچی میں بد امنی اور لوٹ مار کے واقعات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ایسے واقعات کی روک تھام میں ناکام ہوگئی ہے، صوبائی حکومت شہر میں امن کے قیام کی زمہ دار ہے۔
ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ کراچی کو لٹیروں کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے،ان واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،ہم سول نافرمانی کی بات نہیں کررہے صرف اپنا حق مانگ رہے ہیں۔
رہنما ایم کیو ایم پاکستان نے کہا کہ یہ جو معاشی اور معاشرتی مسائل ہیں ان پر وفاق اور صوبوں کو مل کر جامع حکمت عملی بنانی ہوگی، رمضان میں لوگ صبر کر رہے ہیں لیکن عید ہمارے لیے تجدید عہد ہے کہ ہم سر اٹھا کے جینا چاہتے ہیں، ہم یہ ٹیکس جان و مال کی حفاظت کے لیے دیتے ہیں، ہم پر یہ ٹیکس حرام ہے اگر ہم اسے دیں لیکن ہماری جان و مال، عزت محفوظ نا رہے۔
فاروق ستار کا کہنا تھا کہ اگر شہر میں امن قائم نہ ہوا تو عید کے بعد وزیر اعلی ہاؤس کاگھیراؤ کریں گے۔
یاد رہے کہ کراچی شہر میں عبدالرحمن کی ہلاکت کے بعد رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق شہریوں کی تعداد 45 ہوگئی ۔