تازہ ترین

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ ن کے 3 ایم این ایز اور ایک رکن پنجاب اسمبلی کی بحالی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا

Published

on

الیکشن کمیشن نے مسلم لیگ کے 3ارکان قومی اسمبلی اور ایک رکن پنجاب اسمبلی کی بحالی کانوٹی فکیشن جاری کردیا۔

الیکشن کمیشن نےاین اے154 لودھراں سےعبدالرحمان کانجو کی رکنیت بحال کردی،نوٹی فکشن کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے81 گوجرانوالہ سے اظہر قیوم ناہرا، پی پی 133 سے رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد ارشد کی رکنیت بھی بحال کردی۔

سپریم کورٹ نے گزشتہ روز پنجاب کی قومی اسمبلی کے 3 حلقوں میں دوبارہ گنتی کے معاملے میں تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا جسے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے تحریر کیا۔

تفصیلی فیصلے میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن آئینی ادارہ ہے، الیکشن کمیشن کے چیئرمین اور ممبران احترام کے حق دار ہیں مگر بدقسمتی سے کچھ ججز اس پہلو کو نظر انداز کرتے ہوئے تضحیک آمیز ریمارکس دیتے ہیں جبکہ ہر آئینی ادارہ اور آئینی عہدے دار احترام کا مستحق ہے، ادارے کی ساکھ میں اس وقت اضافہ ہوتا ہے جب وہ احترام کے دائرہ کار میں فرائض سر انجام دے۔

عدالتی فیصلے میں مزید کہا گیا کہ یہ تسلیم شدہ حقیقت ہے کہ تین حلقوں میں دوبارہ گنتی کی درخواستیں 9 اور 10 فروری کو آگئی تھیں، 5 اگست 2023 کو الیکشن ایکٹ 2017 میں ترمیم کے ذریعے ریٹرننگ افسر کو ووٹوں کی دوبارہ گنتی کا اختیار دیا گیا، جب ہائیکورٹ میں کیس گیا اس وقت یہ ترمیم موجود تھی، ہائیکورٹ نے سیکشن 95 کی ذیلی شق 5 کو مدنظر ہی نہیں رکھا۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے ن لیگ کے امیدواروں کی اپیلیں منظور کرلیں۔

سپریم کورٹ نے لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے این اے 154 لودھراں، این اے 81 گوجرانوالہ اور این اے 79 گوجرانوالہ میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ بحال کردیا۔

چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس نعیم اختر افغان نے 2:1 کی اکثریت سے فیصلہ سنایا۔ جسٹس عقیل عباسی نے اکثریتی فیصلے سے اختلاف کیا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version