پاکستان
کامن ویلتھ آبزرور گروپ کی چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کامن ویلتھ آبزرور گروپ نے گروپ کے چیئر مین سابق صدر نائجیریا ڈاکٹر گُڈلک ابیل جوناتھن کی قیادت میں آج الیکشن کمیشن سیکرٹیریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔ملاقات میں معزز ممبران الیکشن کمیشن،سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ افسران موجود تھے۔کامن ویلتھ گروپ میں دیگر ارکان کے علاوہ جناب لنفورڈ اینڈریوز، ڈاکٹر ڈِنوشا پینڈٹیٹا رتنے، پروفیسر مشل سکوبی اور محترمہ ٹیمیٹوپ کیلجائےنمایاں تھیں۔
الیکشن کمیشن سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کامن ویلتھ آبزرور گروپ کے ارکان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہا اور کامن ویلتھ سیکرٹیریٹ کی جانب سے 8 فروری کے عام انتخابات کا مشاہدہ کرنے کرنے کے لیے پندرہ رکنی آبزرور گروپ بمعہ 9 رکنی سپورٹ ٹیم پاکستان بھجوانے کو سراہا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پاکستان نے عام انتخابات میں غیر ملکی آبزرورز کے لیے اوپن ڈور پالیسی اپنائی ہے اور مجموعی طور پر ایک سو سے زائد عالمی آبزرور انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان موجود ہیں اور انہیں ایکریڈٹیشن کارڈز جاری کیے جا چکے ہیں۔
چیف الیکشن کمشنر نے کامن ویلتھ کے ارکان کو پاکستان میں انتخابات کے انعقاد اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی تیاریوں کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا۔
کامن ویلتھ آبزرور گروپ چیئر مین ڈاکٹر گُڈلک ابیل جوناتھن نے8 فروری کے انتخابات کے پرامن اور کامیاب انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تیاریوں کو سراہا اورکامن ویلتھ آبزرور گروپ کو انتخابات کا مشاہدہ کرنے کے لیے پاکستان میں آمد اور اس حوالے سے جملہ سہولیات فراہم کرنے پر کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔