الیکشن 2023

اگر حکومت چودہ مئی سے پہلے اسمبلیاں توڑ دے تو ایک ساتھ الیکشن کے لیے تیار ہیں، عمران خان

Published

on

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ اگر حکومت چودہ مئی سے پہلے اسمبلیاں توڑ دے تو ہم ایک ساتھ الیکشن کے لیے تیار ہیں۔ حکومت کسی فہمی میں نہ رہے، الیکشن نوے روز میں ہونا ہیں اگر سپریم کورٹ کا حکم نہ مانا گیا تو ملک میں کون سرمایہ کار آئے گا۔

ناصر باغ لاہور میں یوم مزدور کی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ  ان کی جماعت چیف جسٹس کے ساتھ کھڑی ہے۔ نگران حکومت کی مدت پوری ہو چکی ہے اور اب کی کوئی آئینی حیثیت نہیں۔

عمران خان نے کہا کہ الیکشن نہ کرانے کا مقصد انہیں راستے سے ہٹانا ہے۔ ملک پر جرائم پیشہ مسلط کئے گئے جو الیکشن سے بھاگ رہے ہیں۔ جب سمجھیں گے کہ میں رستے سے ہٹ گیا ہوں تب الیکشن کرائیں گے۔ ان کا ایک مقصد ہے مجھے کسی طرح رستے سے ہٹا دیں۔ پرویز الٰہی کے گھر کے دروازے توڑ کر ڈاکوؤں کی طرح حملہ کیا گیا، علی امین گنڈا پور کو ایک جیل سے دوسری جیل لے جا رہے ہیں۔

عمران خان نے کہا ہم عدالت سے کہیں گے ہمیں پنجاب اور خیبرپختونخوا میں الیکشن چاہئے۔  اگر حکمرانوں نے سپریم کورٹ کا فیصلہ نہ مانا تو ہم عدالت کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ اگر یہ آئین توڑ دیں گے تو پاکستان میں کیا رہ جاتا ہے۔چور اور ہینڈلرز آئین کی خلاف ورزی کریں گے تو قوم میرے ساتھ نکلے گی۔ طاقتور آئین کی پرواہ نہ کرے تو ملک بنانا ری پبلک بن جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہماری ریلی کمزور طبقے اور مزدوروں کیلئے ہے، سب تیاری کریں اگلے ہفتے دودھ کا دودھ پانی کا پانی ہوجائے گا، اگلے ہفتے سب کو پتہ چل جائے گا ملک میں آئین ہے یا جنگل کا قانون۔ جب تک قانون کی حکمرانی نہیں ہوگی مزدوروں کو حقوق نہیں ملیں گے۔پی ٹی آئی کی ریلی ختم ہونے کے بعد عمران خان ناصر باغ سے واپس زمان پارک اپنی رہائش گاہ کی طرف روانہ ہو گئے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version