تازہ ترین

جبری گمشدگی کی تمام تر ذمہ داری وزیراعظم اور کابینہ پر عائد ہوتی ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ

Published

on

پی ٹی آئی رہنما شہباز گِل کے بھائی غلام صابر کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ، تحریری آرڈر میں کہا گیا کہ جبری گمشدگی کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعظم اور کابینہ پر عائد ہوتی ہے۔

جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے غلام صابر کی بازیابی کیلئے دائر درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کیا، عدالت نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم نامے کی کاپی پرنسپل سیکرٹری کے ذریعے وزیر اعظم کو بھجنے کا حکم دیا۔

تحریری آرڈر میں کہا گیا کہ ضروری ہے کہ وزیر اعظم ہنگامی اقدامات کے ذریعے جبری گمشدگی کے اس مکروہ عمل کا سدباب کریں،سیکرٹری داخلہ تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے غلام صابر کی بازیابی اور عدالت پیشی یقینی بنائیں۔

تحریری آرڈر میں کہا گیا کہ دوران سماعت اسسٹنٹ اٹارنی جنرل، وزارت دفاع، ایف آئی اے اور دیگر اداروں کے نمائندے پیش ہوئے،تمام اداروں کے نمائندوں نے یک زبان ہو کر مغوی غلام صابر کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار کیا۔

حکم نامہ میں کہا گیا کہ حکومت کی جانب سے مغوی کے ٹھکانے سے لاعلمی کا اظہار جبری گمشدگی کا معاملہ ظاہر کرتا ہے، فریقین کی جانب سے لاپتہ غلام صابر کی بازیابی کیلئے کیے گئے اقدامات کے حوالے سے کچھ نہیں کیا گیا،جبری گمشدگی کی تمام تر ذمہ داری وزیر اعظم اور کابینہ پر عائد ہوتی ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version