پاکستان
نو مئی کے واقعات کے پیچھے بدنیتی اور انتقام ہے، تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، اسد قیصر
پی ٹی آئی اسدقیصر نے کہا ہے کہ نو مئی کے واقعات کے پیچھے بدنیتی اور انتقام ہے، تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن بنایا جائے، عمران خان اور کارکنوں کی رہائی کے لیے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ ہماری قیادت کیخلاف بے بنیاد کیسز بنائےگئے،ہماری خواتین جیل میں ہیں،ان کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہیں،شہبازشریف کو وزیراعظم نہیں مانتے،اس طرح کے الیکشن ہوتے رہے تو ملک کیسے بچے گا؟
اسد قیصر نے کہا کہ آج قرارداد اسمبلی میں پیش کر رہے ہیں،بانی پی ٹی آئی کیخلاف من گھڑت مقدمات کو واپس لیا جائے،ہمیں ہمارا حق نہ ملا تو ہمارے پاس سڑکوں پر آنے کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا،ہم قوم کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے،ہم اپنا حق چھین کر لیں گے۔
اسد قیصر نے کہا کہ نوازشریف کا نعرہ تھا ووٹ کو عزت دو،نوازشریف بتائیں ان کا وہ نعرہ کدھر گیا؟ملک کو آئین کے مطابق چلایا جائے،ہماری جنگ قوم اور اس کےحقوق کیلئے ہے،ہم نے 9 مئی کے واقعات کی ہمیشہ مذمت کی ہے،ہمارا مطالبہ ہے 9 مئی واقعات پر جوڈیشل کمیشن بنایا جائے،تحقیقات کی جائیں 9 مئی کے واقعات کے پیچھے کون ہے،اس سب کے پیچھے بدنیتی اور انتقام ہے،فارم 45 الیکشن کمیشن کی دستاویز ہے،فارم 45 میں کچھ رزلٹ ہے اور فارم 47 میں کچھ اور ہے،ہم کسی طور بھی اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹیں گے،ہماری 180 سیٹیں بنتی ہیں،پی ٹی آئی کو 3 کروڑ سے زائد ووٹ پڑے۔