پاکستان
کندھ کوٹ میں کوکاری، نندوانی،بنگلانی اور چولیانی گینگز کے 15 ٹھکانے مسمار
رینجرز اور پولیس نے اندرون سندھ کچے کے علاقے میں ڈکیتوں اور جرائم پیشہ افراد کے خلاف کاروائیاں تیز کردی ہیں۔
ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ضلع کندھ کوٹ تحصیل تنگوانی کے علاقے میں رینجرز اور پولیس نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی، کاروائی میں تین مشتبہ ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ کوکاری، نندوانی،بنگلانی اور چولیانی گینگ کی 15 سے زائد پناہ گاہوں کو بھی مسمار کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق آپریشن گزشتہ دنوں اندرون سندھ کشمور کے پرائمری اسکول میں تعینات ٹیچر اللہ رکھیو نندوانی کے قتل کی سہولت کاری میں ملوث افراد کی گرفتاری کے لئے کیا گیا،گرفتار ملزمان میں نندوانی گینگ کا سرغنہ خانو نندوانی بھی شامل ہے، یہ گینگ کشمور کے مختلف علاقوں ٹُھل، تنگوانی،انڈس ہائی وے اور دیگر علاقوں میں مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے۔
ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز کی جانب سے ڈاکوؤں کے مکمل خاتمے تک آپریشن کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا، گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیاہے۔