پاکستان

3 چینی اساتذہ کو بعد از مرگ تمغہ پاکستان سے نوازا گیا

Published

on

سیچوان نارمل یونیورسٹی کے 3 چینی اساتذہ کو جمعہ کو چین کے شہر چینگڈو میں منعقدہ ایک پروقار تقریب میں بعد از مرگ تمغہ پاکستان سے نوازا گیا۔چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی نے صدر مملکت کی جانب سے اعزاز پانے والے اساتذہ کے خاندانوں کو پاک چین دوستی کو مضبوط بنانے میں ان کی لازوال قربانیوں کی یاد میں ایوارڈز دئیے۔

تقریب میں آنجہانی چینی اساتذہ کے اہل خانہ ،صوبہ سیچوان کے محکمہ تعلیم کی ڈپٹی ڈائریکٹر کائی گوانگ جی، چائنیز انٹرنیشنل ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی ڈپٹی سیکرٹری جنرل ژانگ جونلی، سی ایل ای سی کے پلاننگ ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ وانگ یونگ، ڈاکٹر گو یونگ، سیچوان نارمل یونیورسٹی کی پارٹی کمیٹی کے سیکرٹری، سیچوان نارمل یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران اور طلبا نے شرکت کی۔

سفیر خلیل ہاشمی نے 26 اپریل 2022 کو کراچی میں ہونے والے دہشت گردانہ حملے میں اپنی جانیں گنوانے والے ہوانگ گوپنگ، ڈنگ موفانگ اور چن سائی کے سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔انہوں نے اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیااور شرکاء کو پاکستان میں چینی منصوبوں، اہلکاروں اور اداروں کے لیے حفاظتی اقدامات میں اضافے کی یقین دہانی کرائی۔

سفیر خلیل ہاشمی نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی تاریخی وراثت کو اجاگر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ اس طرح کی مذموم کارروائیاں پاک چین دوستی کو کمزور نہیں کر سکتیں۔انہوں نے پاکستان کی حکومت اور عوام کی جانب سے یقین دلایا کہ ہمارے دوطرفہ تعلقات کو خراب کرنے کی کوئی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان اس گھناؤنے جرم کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے پرعزم ہے اور پاکستان میں چینی منصوبوں، اہلکاروں اور اداروں کی حفاظت کو بڑھانے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔

تقریب میں چینی مقررین نے جانی نقصان پر گہرے جذبات کا اظہار کیااور آنجہانی اساتذہ کی خدمات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے اور تعلیم و دیگر شعبوں میں تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version