پاکستان
کراچی ایئرپورٹ پر امیگریشن سسٹم میں 3 گھنٹے خرابی، 5 انٹرنیشنل پروازوں کے مسافروں کا ڈیٹا اپ لوڈ نہ کیا جا سکا
کراچی ائیرپورٹ پرایف آئی اے امیگریشن کے سسٹم میں خرابی،5بین الاقوامی پروازوں کے مسافروں کا امیگریشن ڈیٹا اپ لوڈ نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق کراچی کے جناح ٹرمینل ائیرپورٹ پرایف آئی اے امیگریشن سسٹم میں اچانک خرابی پیداہوئی،جو کئی گھنٹے تک ٹھیک نہیں ہوسکی،اس بنا پر5بین الاقوامی پروازوں سے روانہ ہونے والے مسافروں کا ڈیٹا اپ لوڈ نہ ہوسکا۔
ذرائع کے مطابق سسٹم کی بندش کے دوران ای سی ایل،اسٹاپ لسٹ ودیگرلسٹ میں شامل مبینہ نام بھی چیک نہ ہوسکے،مسافروں سے پاسپورٹ اوردیگرسفری دستاویزات کی فوٹوکاپیاں لے کرانہیں سفرکی اجازت دی گئی،تیکنیکی یا دیگرخرابی کے باعث امیگریشن کاونٹرسسٹم 2سے5بجےالصبح تک بندرہے۔
سسٹم کے فعال ہونے پرمسافروں کاڈیٹا فوٹو کاپی سفری دستاویزات کی مدد سے اپ لوڈ کیا گیا، سسٹم کی بندش کے باعث ائر پورٹ لاؤنج میں موجود فوٹو اسٹیٹ مشینوں پر لمبی قطاریں لگی رہیں،رش کی وجہ سے ملکی وغیرملکی پروزاوں کی روانگی میں 30 منٹ سے 2 گھنٹے کی تاخیر ہوئی۔
ترجمان ایف آئی اے کےمطابق تکنیکی خرابی کے باعث مسافروں کو جانے کی اجازت دی گئی، اسٹاپ و دیگر فہرستوں کو روانہ ہونے والےمسافروں کے ڈیٹا سے چیک کرلیاگیا۔