پاکستان
سندھ میں 38743 گھرانوں کا بچوں کو پولیو قطرے پلا نے سے انکار، سخت کارروائی کی جائے، وزیراعلیٰ کی ہدایت
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت پولیو خاتمے کے حوالے سے صوبائی ٹاسک فورس کا اجلاس ہوا،وزیراعلیٰ سندھ کو آگاہی دی گئی کہ سندھ کے 11 اضلاع میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں،بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کے خلاف کارروائی کی جائے۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق اجلاس میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو ، ڈبلیو ایچ کے نمائندے دیگر شریک ہوئے۔
وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں 2020 میں 84 پولیو کیسز ریکارڈ ہوئےجبکہ 2024 میں کم ہو کر 2 کیسز سامنے آئے،2020 میں سندھ میں 22 پولیو کے کیسز ریکارڈ ہوئے تھے۔ہم سب نے مل کر کسی حد تک پولیو کا خاتمہ کیا ہے،2023 میں سندھ میں 2 پولیو کیسز اور 2024 میں اللہ کے کرم سے پولیو کا ایک بھی کیس ظاہر نہیں ہوا۔سندھ حکومت نے تمام متعلقہ اداروں کی مدد سے پولیو پر کنٹرول کیا ہے۔ لوگوں کے نقل و حمل سے پولیو وائرس ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہوتاہے، ہمیں پولیو کے خاتمے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ اس وقت بلوچستان سے 2 کیسز ریکارڈ ہوئے ہیں،پاکستان کے 159 اضلاع میں 31 اضلاع میں پولیو وائرس موجود ہے،سندھ کے 11 اضلاع میں پولیو وائرس پایا گیا ہے۔ پولیو وائرس اضلاع میں شرقی ، وسطی، جنوبی، کیماڑی ، ملیر ، کورنگی، حیدرآباد ، سکھر ، جامشورو اور بدین شامل ہیں،38743 والدین نے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کیا۔ 126553 بچے گھروں میں موجود نہیں تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پولیو کے قطرے پلانے سے انکار کی کوئی گنجائش نہیں،بچوں کو پولیو کے قطرے نہ پلانے والے والدین کے خلاف کارروائی کی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ کو بتایا گیا کہ گذشتہ 15 مہینوں میں 9 لاکھ سے زیادہ بچوں کو ائیرپورٹ، بس اسٹاپ، بی آئی ایس پی سینٹرز پر قطرے پلائے گئے۔
ڈاکٹر عذرا نے بتایا کہ پیر سے 25 اضلاع میں پولیو کے قطرے پلانے کی مہم شروع ہوگی،پولیو کے قطرے پلانے کی مہم 28 اپریل سے 5 مئی تک جاری رہے گی،پولیو مہم میں 8 ملین بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔پولیو مہم میں 60000 ورکرز حصہ لیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر اور ڈی آئی جیز کو پولیو مہم کامیاب کرنے کی ہدایت کی،وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس کو پولیو ورکرز کی سیکوریٹی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ عوام کی بین الصوبائی نقل و حمل کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے یقینی طورپر پلائے جائیں۔
وزیراعلیٰ سندھ کو پولیو کوآرڈینیٹر ارشاد سوڈھر نے 2023 کے پولیو کیسز پر بریفنگ دی۔2023 میں گڈاپ میں رہنے والے2 افغانی بچوں کو پولیو ہوا تھا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ پولیو مہم کے دوران ایسے علاقوں پر خاص توجہ دی جائے جہاں پہلے پولیو کیسز ریکارڈ ہوئے،جن اضلاع کی ماحولیاتی سیمپلز میں پولیو وائرس پایاگیا ہے وہاں خصوصی توجہ دی جائے۔