پاکستان
ہنڈی اور غیر قانونی ایکسچینجز کے خلاف ایف آئی اے کی 48 چھاپہ مار کارروائیاں، 77 ملزم گرفتار، 39 کروڑ برآمد
ایف آئی اے نے رواں سال حوالہ ہنڈی اورکرنسی کی غیرقانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 48 چھاپہ مارکارروائیاں کیں،جس کے دوران 41مقدمات درج کرکے 77ملزمان کو گرفتارکیاگیا،40انکوائریاں مکمل کی گئیں،مجموعی طورپر39کروڑ روپے زائد مالیت کی ملکی وغیرملک کرنسی برآمد کی گئی۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کراچی زون ضعیم اقبال شیخ کی ہدایت پرغیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 48 چھاپہ مار کاروائیاں کی گئیں،جس کے دوران 41مقدمات درج کرکے 77ملزمان کو گرفتار کیا گیا،40 انکوائریوں کی تفتیش بھی مکمل کی گئی، گرفتار ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔
رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر کراچی زون نے 39 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، برآمد کی گئی کرنسی میں 327,016 امریکی ڈالر، 4 کروڑ 22 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی شامل ہے۔
برآمد کی گئی کرنسی میں 26 کروڑ 42 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے بھی شامل ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی۔
ترجمان نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کی ہدایت کی روشنی میں ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے،غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف ٹھوس شواہد کی روشنی میں قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں گی،غیر قانونی کرنسی کی خریدوفروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائےگا۔