پاکستان
بنکاک جانے والے مسافر سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد
اینٹی نارکوٹکس فورس نے کراچی ائیرپورٹ پر کارروائی کے دوران بین الاقوامی پرواز کے ذریعے بنکاک جانے والے مسافر کے سامان سے ہزاروں کی تعداد میں نشہ آور گولیاں برآمد کرلی۔
ترجمان اے این ایف کے مطابق منشیات کے خلاف کامیاب کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے،کراچی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر غیرملکی ائیرلائن کی پرواز نمبر TG 341 سے بنکاک جانے والے مسافر کی تلاشی لی گئی،جس کے دوران مذکورہ شخص کے ٹرالی بیگ سے 8160 نشہ آور گولیاں برآمد کی گئیں،مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
ایک دوسری کارروائی کے دوران بلوچستان کے علاقے دالبندین سرگل کے قریب جھاڑیوں میں چھپائی گئی 20 کلو افیون تحویل میں لی گئی جبکہ اسلام آباد ترنول کے قریب ایک کارروائی کے دوران گرفتار ملزم سے 3 کلو 300 گرام چرس برآمد کی گئی،گرفتار مُلزمان کیخلاف انسدادِ منشیات ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے تحقیقات کا آغازکردیا گیا۔