پاکستان
زیر حراست ملزم کو چھڑانے کے لیے ہجوم کا کراچی کے بن قاسم تھانے پر لاٹھیوں سے حملہ، 15 گرفتار
زیر حراست ملزم کو چھڑانے کے لیے بااثر افراد نے کراچی کے بن قاسم تھانے پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم مختیار لاشاری کو چھڑانے کے لیے اس کے حامیوں نے تھانے پر دھاوا بولا، بلوائیوں نے دو پولیس اہلکاروں کی وردیاں پھاڑ دیں جبکہ ایک پولیس اہلکار کو بٹ مار کر زخمی کردیا۔
پولیس اہلکاروں نے اپنے بچاؤ کے لیے ہوائی فائرنگ کی اور مزید نفری طلب کی جبکہ ہنگامہ آرائی کے الزام میں 15 افراد کو زیر حراست لے لیا گیا۔
دوسری جانب صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے بن قاسم تھانے پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم دے دیا۔
انہوں نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ حملہ آور عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔