تازہ ترین
پنجاب میں ایک نیا دور شروع ہوگا، مریم نواز نے اگلے 5 سال کے ترقیاتی کاموں کا نقشہ پیش کردیا
مسلم لیگ ن کی نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اگلے 5 سال کے لیے صوبے کے ترقیاتی کاموں کا نقشہ پیش کردیا ہے۔
لاہورمیں پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ پارلیمانی ممبران کو انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دیتی ہوں، انتخابات میں نوجوان قیادت بھی سامنے آئی ہے جو دل کے قریب ہیں،واضح اکثریت دینے پر پنجاب کی عوام کی بھی مشکور ہوں،ہم عہد کرتے ہیں آج سے پنجاب کا ایک نیا دور شروع ہوگا،
مریم نواز نے کہا کہ پنجاب میں مسلم لیگ ن کو دو تہائی اکثریت ملی ہے، اس سے پہلے جھوٹ اور پروپیگنڈے کا دور تھا، پنجاب میں ہم خدمت کے نئے ریکارڈ قائم کریں گے،یہ مشکل الیکشن تھا ، عوام نے ن لیگ کو واضح مینڈیٹ دیا،الیکشن کے نتائج کے بعد ایک دن بھی آرام نہیں کیا،الیکشن کے نتائج کے بعد اگلے دن سے ہی کام شروع کردیا تھا،پارٹی میں ابھی شامل ہونے والے ایم پی ایز ن لیگ فیملی کا حصہ ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ دوسرے صوبوں سے آنے والے پنجاب میں واضح فرق دیکھتے ہیں،جہاں کام ہوا ہے وہ نظر آتا ہے، جہاں خالی باتیں ہوئی ہیں وہ نظر آتی ہیں، پنجاب کی ترقی کی بنیاد نواز شریف نے 80 کے عشرے میں رکھی، اللہ ہمیں پنجاب کے عوام کی خدمت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہیلتھ، تعلیم ، لوکل گورنمنٹ کے شعبے میں بہت چیلنجز ہیں،ہیلتھ کارڈ میں کرپشن ہوئی، پیسا کمانے کا ذریعہ بنایا گیا،دیہاتوں میں سیوریج ، صاف پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے،پنجاب کے 297 حلقوں کو 297 ڈسٹرکٹ کے طور پر دیکھنا ہے، محفوظ پنجاب پروگرام پر بھی کام کیا ہے، سیف سٹی پروجیکٹ کو تمام شہروں میں لے کر جانا ہے،خواتین کے لیے تھانوں میں بہتری لانا ہے،لاہور شہر میں ٹریفک کا بہت بڑا مسئلہ ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے ملک میں ایک بھی آئی ٹی سٹی نہیں،پانچ سالوں میں 5 آئی ٹی سٹی بنا کر جائیں گے،میرج، ڈیتھ اور کار سرٹیفکیٹ گھر کی دہلیز پر ملیں گے،پنجاب میں پہلا ایئر ایمبولینس شروع کریں گے،نوجوانوں کو بلا سود قرضے فراہم کریں گے،نرسز کے لیے انسٹیٹیوٹ بنائیں گے،شہباز شریف کے دور میں پنجاب نے ریکارڈ ترقی کی،صحت سے متعلق تمام سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائیں گے،کڈنی، لیور، ہارٹ اور کینسر کے اسپتال بنائیں گے،پنجاب میں موٹر وے پر ایمبولینس سروس شروع کریں گے۔
مریم نواز نے کہا کہ ہم اپنے اگلے سفر کی تیاری کررہے ہیں، خدمت کے ریکارڈ قائم کرینگے، پنجاب میں پبلک پارٹنر شپ پر اسکول چلائیں گے، 49 ہزار پنجاب میں سرکاری اسکول ہیں،اسکولوں میں کہیں باتھ روم نہیں، کہیں ٹیچر نہیں،ہیلتھ کارڈ ری ڈیزائن ہورہے ہیں ، علاج کی سہولت فراہم کرینگے،ہیلتھ کارڈ کو کرپشن فری بنا کر 16 گریڈ سے نیچے لوگوں تک پہنچائیں،ہمارے چیلنجز بہت زیادہ ہیں،5 سال بہت کم ہیں،سرکاری اسکولوں کا نصاب اور نظام جدید بنائیں گے، کرپشن،گورننس، لاء اینڈ آرڈر میری ریڈ لائن ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ غریبوں کے لیے 1 لاکھ گھر بنائیں گے،پاکستان کو نواز شریف کی ضرورت ہے،ن لیگ کی حکومتوں کی نگرانی نوازشریف کریں گے۔