پاکستان

اداکار شکیل 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے

Published

on

ٹی وی اور فلم کی اسکرین پر اداکاری کی دھاک بیٹھانے والے معروف اداکارشکیل کراچی میں مختصرعلالت کے بعد 80 سال کی عمر میں انتقال کرگئے،نماز جنازہ جمعے کو اداکی جائیگی

ٹی وی اور فلم کے خوبرو اداکار کا کراچی میں مختصر علالت کے بعد نجی اسپتال میں انتقال ہوا،وہ جوڑوں کے عارضے میں مبتلا تھے جبکہ چند سال قبل ان کا بائی پاس آپریشن بھی ہوا،وہ کئی روز سے علیل اور نجی اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

سن 70 کی دہائی میں بلیک اینڈ وائٹ ٹی وی کے دورمیں نشر ہونے والے فاطمہ ثریا بجیا کے ڈرامہ سیریل انکل عرفی سےشہرت پانے والے اداکار شکیل نے آنے والے برسوں میں اپنی منفرد اداکاری کے ذریعے کامیابی کے سفر کا کامیابی سے جاری رکھا،ان کہی، زیر زبر پیش، افشاں، انا، عروسہ اور آنگن ٹیڑھا جیسےمشہورڈرامے آج بھی شائقین کے ذہنوں پر نقش ہیں،شکیل کا پہلا ٹیلی ویژن ڈرامہ ’نیا راستہ‘ تھا جسے حسینہ معین نے لکھا اور 1971 میں کراچی ٹیلی ویژن سے ٹیلی کاسٹ ہوا
بنیادی طور پر شکیل ایک پیدائشی اداکار تھے، جو ہرکردار میں نگینے کی مانند فٹ ہوجاتے تھے،ان کے مشہور ٹیلی ویژن ڈرامہ سیریل اور ڈراموں میں ہنی مون،زیر، زبر، پیش۔ نام دار، ٹک ٹک کمپنی، منٹوراما، پرچھائیاں۔ انا۔ چاند گرہن۔ اڑان ، تپش۔ افشاں، آنگن تھیڑا، شاہ جی، زمین، دوسری عورت، آندھی، تم سے مل کر، اور سائے شامل ہیں،

انھوں نے جان نثار، ہونہار ، سہاگن ، دل میرا دھڑکن تیری، جوشِ انتقام، نا خدا ، پاپی، زندگی، داستان، سرحد کی گود میں، گھروندا۔ انسان اور گدھا، بادل اور بجلی، چاہت، مسٹر 420، باغی شہزادے، کرشمہ، پہلا پہلا پیار، گنہاوں کی بستی، بلیک کیٹ، وجود، مالک ، راستہ، جناح، زہرعشق نامی فلموں میں کردار نگاری کی۔

شکیل بھوپال(غیرمنقسم ہندوستان)میں 29مئی سن 1943 کوپیدا ہوئے ان اصل نام یوسف کمال تھا تاہم وہ شکیل کے نام سے معروف ہوئے، اداکار شکیل کو ان کی فنی صلاحیتوں کے اعتراف میں حکومت پاکستان کی جانب سے سن 1992میں پرائیڈ آف پرفارمنس ،لائف اچیومنٹ ایوارڈ اور ستارہ امتیازسے بھی نوازا گیا۔مرحوم نے ایک بیٹی اوربیٹے کوسوگوارچھوڑا ہے،نمازجنازہ جمعہ کوادا کی جائے گی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version