پاکستان

پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی کمپیٹیشن پریڈ، ایڈمرل نوید اشرف مہمان خصوصی تھے

Published

on

آپریشنل سال کے اختتام پر پاک بحریہ کی سالانہ فلیٹ ایفیشنسی کمپیٹیشن پریڈ کا انعقادکیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی فلیٹ کی سالانہ ایفیشنسی کمپیٹیشن پریڈ پاکستان نیوی ڈاکیارڈ کراچی میں منعقد ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

یہ تقریب پاک بحریہ کے بحری جہازوں، آبدوزوں اور ہوائی جہازوں کے لیے ایک فائدہ مند اور اہم آپریشنل سال کے اختتام کی نشاندہی کرتی ہے۔ڈاکیارڈ آمد پر کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی  نے مہمان خصوصی کا استقبال کیا اور چاق و چوبند دستے نے انھیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے خطاب میں پاک بحریہ کے فلیٹ کی آپریشنل تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور سال 2023 کے تفویض کردہ آپریشنل مقاصد اور اہداف کو کامیابی کے ساتھ حاصل کرنے پر افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کی تعریف کی۔

ایڈمرل نے سمندری تحفظ کے لیے پاکستان نیوی فلیٹ کی کاوشوں اور کردار کو سراہا۔ امیرالبحر نے پاک بحریہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے منصوبے کا بھی ذکر کیا جس میں مختلف پلیٹ فارمز کو فلیٹ میں شامل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان پلیٹ فارمز کی شمولیت سے بحری بیڑے کی صلاحیتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہو گا۔ انہوں نے خطے میں ابھرتے ہوئے میری ٹائم سیکیورٹی ماحول پر بھی روشنی ڈالی جس کے لیے پاک بحریہ کو ہمیشہ چوکس رہنے اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے پوری طرح تیار رہنے کی ضرورت ہے۔

ایڈمرل نے تمام شرکاء پر زور دیا کہ وہ جدید ترین ٹیکنالوجی سے پوری طرح آگاہ رہیں اور انتہائی لگن اور ایمانداری کے ساتھ کام کریں۔

قبل ازیں اپنے استقبالیہ خطاب میں کمانڈر پاکستان فلیٹ وائس ایڈمرل محمد فیصل عباسی نے گزشتہ سال کے دوران پی این فلیٹ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے  مزید بتایا کہ پاک بحریہ کے فلیٹ نے سال بھر جنگی تیاریوں کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جبکہ بحری جہازوں نے علاقائی میری ٹائم سیکیورٹی پیٹرول اور بیرون ملک تعیناتیوں کے علاوہ ملکی اور غیر ملکی سمندروں میں مختلف دو طرفہ اور کثیرالجہتی مشقوں میں حصہ لیا،تقریب کے دوران سربراہ پاک بحریہ نے مختلف اسکواڈرنز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے یونٹس کو ایفیشنسی ٹرافیاں دیں اور پاکستان نیوی فلیٹ کے افسران اور سی پی اوز/ سیلرز سے ملاقات کی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version