تازہ ترین

اسٹرٹیجک اہمیت کے اداروں کے سوا تمام ریاستی ملکیت کاروباری اداروں کی نجکاری کی جائے گی، وزیراعظم

Published

on

وزیراعظم شہباز شریف نے سٹریٹجک اداروں کے علاوہ حکومت کی ملکیت دیگر تمام اداروں کی نجکاری کااعلان کردیا۔وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت نجکاری کمیشن کے امور سے متعلق اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے، وزیراعظم نے تمام وزارتوں کو ضروری کارروائی اور نجکاری کمیشن سے تعاون کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم شہبازشریف کی زیر صدارت وزارت نجکاری اور نجکاری کمیشن کے امور کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس میں  نجکاری پروگرام 2024-2029 کا روڈ میپ پیش کیا گیا،وزیراعظم نے اسٹریٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے علاوہ دیگر تمام حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کرنے کی ہدایت کردی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سٹریٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے سوا دیگر تمام ادارے چاہے نفع بخش ہیں یا خسارہ زدہ ان کو پرائیویٹائز کیا جائے گا،حکومت کا کام کاروبار کرنا نہیں بلکہ کاروبار اور سرمایہ کاری دوست ماحول یقینی بنانا ہے،حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری سے ٹیکس دہندگان کے پیسے کی بچت ہو گی،اسی پیسے سے سروسز کی فراہمی کا معیار بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نجکاری کے عمل میں شفافیت کو اولین ترجیح دی جائے۔ وزیراعظم نے پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بڈنگ سمیت دیگر اہم مراحل کو ٹیلی ویژن پر براہ راست نشر کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ دیگر اداروں کی نجکاری کے عمل کے مراحل کو بھی براہ راست نشر کیا جائے گا۔

اجلاس کو حکومتی ملکیتی اداروں کی نجکاری کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کو بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے پری -کوالیفیکیشن کا عمل مئی کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا،روز ویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے حوالے سے ضروری مشاورت کا عمل جاری ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فرسٹ ویمن بینک لمیٹڈ کی متحدہ عرب امارات کے ساتھ گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ ٹرانزیکشن کی جا رہی ہے، بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری پروگرام 2024-2029 میں شامل کر لیا گیا، خسارہ زدہ حکومتی ملکیتی اداروں کو ترجیحی بنیادوں پر پرائیوٹائز کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ نجکاری کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لئے نجکاری کمیشن میں ماہرین کا پری کوالیفائیڈ پینل تعینات کیا جا رہا ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version