ٹاپ سٹوریز

امریکا کا مشرقی شام میں ڈرون حملہ، اسامہ المہاجر سمیت داعش کے 7 رہنماؤں کی ہلاکت کا دعویٰ

Published

on

امریکی فوج کی سنٹرل کمان نے مشرقی شام میں ٖڈرون حملہ کر کے داعش کے 7 لیڈر ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے، اس حملے میں وہی ایم کیو 9 ڈرون استعمال ہوئے جنہیں روس کے طیاروں نے تقریبا دو گھنٹے تک ’ ہراساں‘ کیا۔

امریکی سنٹرل کمان نے ایک بیان میں کہا کہ امریکی سنٹرل کمان نے شام میں ایک حملہ کیا جس میں داعش لیڈر اسامہ المہاجر مارا گیا۔ بیان میں المہاجر کے متعلق مزید تفصیل بیان نہیں کی گئی۔

امریکا نے پچھلے برس سے شام میں داعش کی قیادت پر حملے تیز کئے ہیں، ان حملوں میں داعش کے کئی لیڈر مارے جا چکے ہیں، ترکی کے زیر قبضہ شامی علاقوں سے کئی داعش لیڈر گرفتار بھی کئے گئے ہیں۔

داعش کے امیر ابوبکر بغدادی بھی امریکی حملے میں مارے گئے تھے اس کے بعد سے داعش کی قیادت پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔

امریکی سنٹرل کمان کا کہنا ہے کہ داعش خطے میں ابھی بھی خطرہ ہے تاہم اس کی صلاحیتوں میں کمی آئی ہے اور اس کے دوبارہ نیٹ ورک قائم کرنے کی اہلیت کم ہوئی ہے۔

داعش 2014 میں اپنے عروج کے دور میں نصف شام اور عراق پر قابض تھی، دونوں ملکوں میں شکست کھانے کے بعد بھی داعش کے جنگجو حملے جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version