پاکستان
9 مئی کے مقدمات میں عمران خان کی ضمانتیں مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر
لاہور ہائیکورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی نو مئی کے مقدمات میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کیخلاف اپیلوں پر ہائیکورٹ آفس کا اعتراض ختم کر دیا ہے۔
لاہو ہائیکورٹ کے جسٹس شہرام سرور کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے بانی پی ٹی آئی کی اپیلوں پر اعتراض کی سماعت کی. دو رکنی بنچ نے اپیلوں کو 22 جولائی کو سماعت کیلئے پیش کرنے کی ہدایت کی۔
ہائیکورٹ آفس نے اپیلوں کیساتھ ایف آئی آر کی مصدقہ نقول فراہم نہ کرنے کا اعتراض لگایا۔ دو رکنی بنچ کے استفسار پر بانی چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل نے یقین دہانی کرائی کہ ایف آئی آر کی مقصدقہ نقول فراہم کر دی جائیں گی. اپیلوں میں جناح ہاؤس حملے سمیت تین مقدمے میں ضمانت کی درخواستیں مسترد کرنے کے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔
انسداد دہشت گردی عدالت نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور اور پولیس اسٹیشن پر حملے کے تین مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت قبل از وقت کو مسترد کر دیا. بانی پی ٹی آئی نے اس فیصلے کے خلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا اور استدعا کی کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔