الیکشن 2023
آصف زرداری نے لاہور میں ڈیرہ جمانے کا فیصلہ کرلیا، کئی سیاسی رہنماؤں کی پارٹی میں شمولیت کے امکانات
لاہور کے سیاسی منظر نامے پر بڑی پیش رفت ہوئی ہے، دبئی میں نواز شریف سے ملاقاتوں کے بعد آصف زرداری نے لاہور میں ڈیرے جمانے کا فیصلہ کیا ہے۔
آصف زرداری آج لاہور پہنچیں گے اور چند دن تک یہیں قیام کریں گے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آصف زرداری کی سربراہ استحکام پاکستان پارٹی جہانگیر ترین سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔
سابق صدر آصف زرداری لاہور میں جہانگیر ترین سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کریں گے اور سیاسی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چھوڑنے والے دھڑوں کا بڑی تعداد میں پیپلز پارٹی میں شمولیت کا امکان ہے۔
یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ آصف زرداری کی لاہور آمد کے موقع پر بڑا سیاسی اکٹھ بھی متوقع ہے، وزیراعظم شہبازشریف اور چودھری شجاعت بھی لاہور میں موجود ہیں۔