پاکستان
بشریٰ بی بی کے خلاف مقدمات کی تفصیل طلب، رپورٹ کے بعد کوئی مقدمہ درج نہ کرنے کی ہدایت
لاہور ہائیکورٹ میں عمران خان کی اہلیہ کی مقدمات، انکوائریوں کی تفصیلات کے حصول کی درخواست پر سماعت ہو ئی۔عدالت نے درخواست پر متعلقہ حکام کو نوٹس جاری کر دئیے اور حکم دیا کہ جو محکمہ جس روز رپورٹ جمع کرائے اس کے بعد ایف آئی آر یا انکوائری نہیں نکلنی چاہیے۔
عدالت نے کہا کہ اگر حکم کی خلاف ورزی ہوئی تو متعلقہ افسران ذمہ دار ہوں گے،لاء افسران متعلقہ حکام سے تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کو یقینی بنائیں۔
جسٹس عالیہ نیلم نے سابق وزیراعظم کی اہلیہ بشری بی بی کی درخواست پر سماعت کی۔ عدالت نے درخواست کی سماعت آئندہ ہفتے تک ملتوی کردی
درخواست میں حکومت پاکستان سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ درخواست گزار کے شوہر عمران خان جیل میں قید ہیں،درخواست گزار کیخلاف ملک بھر میں کیسز درج ہیں،درخواست گزار کیخلاف مختلف حکام کی جانب سے نظربندی کے احکامات جاری کیے گئے، نیب، ایف آئی اے، انٹی کرپشن اور پولیس میں ایف آئی آرز، انکوائرئیز زیر التوا ہیں۔
عدالت سے استدعا کی گئی کہ عدالت تمام معلوم اور نامعلوم کیسز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے اور درخواست گزار کی حفاظتی ضمانت منظور کرے۔