لائف سٹائل
اتابیک محسن ترکش ڈرامہ سیریز میں مرکزی کردار ادا کرنے والے پہلے پاکستانی فنکار
پاکستان کے نوجوان اور باصلاحیت فنکار اتابیک محسن کو ترکش ڈرامہ سیریز”کویوبیاز”میں شامل کرلیا گیا۔ اتابیک محسن ترکش پلیٹ فارم پر اداکاری کے جوہر دکھانے والے پہلے پاکستانی فنکار ہوں گے۔ اتابیک ترکش ڈرامہ، کویو بیاز، میں فرحان کے مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔
اتابیک محسن کی اس کامیابی سے ملک کے دوسرے فنکاروں کیلئے بھی نئی راہیں کھلیں گی، ترکشن انٹرٹینمنٹ کو پاکستان میں انتہائی مقبولیت حاصل ہے۔ پاکستان میں ترکش میڈیا کو دیکھنے اور پسند کرنے والوں میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے۔ کویو بیاز کے فنکاروں میں اتابیک کے ساتھ نامور پاکستانی فنکارہ عتیقہ اوڈھواورسینئر فنکارتوثیق حیدر بھی شامل ہیں۔
کویو بیاز کی ٹیم میں مشہور ترکش فنکارNisa Bölükbas اور Atakan Hosgören بھی شامل ہیں اس ڈرامے کے ہدایتکارBulent Isbilenہیں اور یہ ڈرامہ TRTڈیجیٹل اسکرینز پر دکھایا جائے گا۔
توقع کی جا رہی ہے کہ ترکش ڈرامہ انڈسٹری کی یہ نئی پیشکش ناظرین کیلئے بھرپور دلچسپی کا باعث ہوگی۔ اس سیریز کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے اتابیک نے کہا،یہ تجربہ میرے لئے بہت شاندار رہا اور میں نے اس میں بہت کچھ سیکھا۔ پہلی مرتبہ ایک ایسی زبان میں جو مجھے نہیں آتی تھی،اداکاری کرنا خاصا مشکل تھا، تاہم سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہوگیا۔ ڈائریکٹراور بقیہ ٹیم بھی بہت ماہرتھی، جنہوں نے عمدہ ترین پروڈکشن کیلئے بہترین کوشش کی۔
اتابیک نے بتایا کہ عتیقہ اوڈھو اور توثیق حیدر کی اداکاری کو دیکھ دیکھ کر بڑے ہوئے، اب ان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملنے پر بہت خوشی ہوئی۔ امید ہے کہ میری اس سیریز میں شرکت سے دیگر پاکستانی فنکاروں کو بھی ترکی میں کام کرنے کا موقع ملے گا اور پاکستان اور ترکی کے درمیان مزید مشترکہ پروڈکشنز ہوں گی۔