پاکستان
کشتی کے ذریعے کار کو دریا پار لے جانے کی کوشش، دو خواتین اور چار بچے ڈوب کر ہلاک
ملکوال کے نواحی علاقہ نورپور پیراں کے قریب دریائے جہلم میں کشتی الٹنے سے ایک ہی خاندان کے چھ افراد ڈوب کر ہلاک ہو گئے مرنے والوں میں دو خواتین اور چار بچے ہیں۔
ملکوال کے نواحی علاقہ نورپور پیراں کے قریب بدقسمت خاندان نے پیراں والا ضلع جہلم سے اپنی کار کشتی (بیڑے) پر لوڈ کرائی، دو خواتین عظمت بی بی، شہناز بی بی اور چار بچے چھ سالہ غیور عباس، چھ سالہ شاہ میر، آٹھ سالہ شہیر عباس اور دو سالہ رعنا کار میں ہی بیٹھے تھے۔
کشتی دریا میں توازن برقرار نہ رکھ سکی اور الٹنے سے کار دریا میں جا گری جس سے کار میں سوار دو خواتین اور چار بچے ڈوب کر جاں بحق ہو گئے۔
لاشیں دریا سے نکال لی گئیں جنہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال ملکوال منتقل کیا گیا ڈپٹی کمشنر شاہد عمران مارتھ اطلاع ملنے پر ہسپتال پہنچ گئے۔