پاکستان
زمان پارک پولیس آپریشن سے پہلے صفائی آپریشن، کیمپ اکھاڑ دیئے گئے، کم سن بچوں کو گھر بھجوانے کے انتظامات
زمان پارک میں صفائی اور بحالی کا کام شروع کر دیا گیا، تحریک انصاف کےکارکنوں نے زمان پارک میں کیمپ لگائے ہوئے تھے اور جا بجا رکاوٹیں بھی موجود تھیں ، انہیں ہٹانے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور نے صفائی عمل شروع کیا ہے۔
گرین بیلٹ پر پی ٹی آئی کے ورکرز کی جانب سے لگائے کیمپ ختم ہو گئے۔ ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے نے زمان پارک کے باہر صفائی کی۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان زمان پارک پر واقع اپنی رہائش گاہ میں موجود ہیں۔ لاہور پولیس نے عمران خان کی رہائش کی تلاشی کے لیے سرچ وارنٹ حاصل کر رکھا ہے اور جمعہ کو کمشنر کی سربراہی میں ایک ٹیم نے عمران خان سے ملاقات کر کے سرچ آپریشن سے پہلے ایس او پیز طے کرنے کی کوشش کی تھی۔
ڈپٹی کمشنر لاہور رافعہ حیدر نے زمان پارک کا دورہ کر کے وہاں جاری تجاوزات کے خلاف آپریشن کا معاٸنہ کیا۔
زمان پارک میں مقیم کراچی اور خیبر پختونخوا سے آئے کم عمر بچوں کو پولیس نے واپس بھجوانے کے انتظامات کئے ہیں۔ پولیس کے مطابق کل 7 بچے کئی دنوں سے زمان پارک میں موجود تھے اور ان بچوں کے پاس واپس جانے کے لیے کرایہ نہیں تھا لہذا انھیں کھانا کھلانے کے ساتھ واپسی کا کرایہ دیا گیا ہے۔