پاکستان
سربراہ پاک فضائیہ سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات
پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے آج اپنے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے اہم امور، عصر حاضر کی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور نئے ابھرتے ہوئے علاقائی سلامتی کے چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں برطانوی مسلح افواج کے اعلیٰ عسکری شخصیات بھی موجود تھیں۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق ائیر چیف نے دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی اور دونوں اہم اتحادیوں کے مابین ہم آہنگی اور باہمی شراکت داری کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔ سربراہ پاک فضائیہ نے برطانوی ہائی کمشنر سے پاک فضائیہ کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے متعلق کی جانے والی کاوشوں سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں حالیہ برسوں میں ہونے والی نمایاں پیش رفت پر بھی روشنی ڈالی۔ ایئر چیف نے پاک فضائیہ کی آپریشنل ضروریات کو پورا کرنے کے لیے مقامی سطح پر خودانحصاری کے تحت تکنیکی آلات کی تیاری کے اپنے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ دونوں ممالک کے مابین تاریخی شراکت داری کو اجاگر کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا، “موجودہ عالمی سلامتی کا ماحول اور فضائی جنگ پر اثرانداز ہونے والے نئے ابھرتے ہوئے عوامل پاکستان اور برطانیہ کے مابین بہترین شراکت داری کے متقاضی ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات علاقائی امن اور استحکام سے متعلق تمام اہم امور میں باہمی اتفاق رائے پر مبنی ہیں۔”
معزز مہمان نے پاک فضائیہ کو جدت سے ہم کنار کرنے پر اس کی موجودہ عسکری قیادت کی لگن اور اسکی جانب سے مقامی صلاحیتوں کے فروغ کے لیئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ پاک فضائیہ کی جانب سے تربیتی شعبہ اور بنیادی ڈھانچے کے فروغ کے لیئے کی جانے والی حالیہ پیشرفت کے تناظر میں برطانوی ہائی کمشنر نے پاک فضائیہ کی دفاعی صلاحیتوں کے فروغ سے متعلق کی گئی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے تربیتی شعبے میں موجودہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ پاک فضائیہ کے اہلکاروں کے لیے اعلیٰ ترین تربیت کو یقینی بنایا جا سکے اور وہ مستقبل کی جنگی صورتحال کے بدلتے ہوئے چیلنجز کا مقابلہ کر سکیں۔
دونوں معززین نے نئی ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز اور آپریشنل صلاحیتوں کے فروغ کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین موجودہ عسکری تعلقات کو مزید بہتر بنانے پر اتفاق کیا۔ معززین نے مشترکہ تربیتی مشقوں اور صلاحیتوں کے تبادلے کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا جسکے ذریعے تکنیکی مہارت کے اشتراک اور باہمی تعاون کو فروغ دے کر پاک فضائیہ اور رائل ایئر فورس کے مابین قریبی تعلقات کو مزید موثر بنایا جاسکے گا۔
ملاقات کا اختتام عسکری ہوابازی کے شعبے میں ایک پائیدار تعاون کے لیئے نئی راہیں استوار کرنے کے دوطرفہ باہمی عزم کے ساتھ ہوا۔ یہ اعلیٰ سطحی ملاقات مملکت برطانیہ اور پاکستان کی جانب سے ایک محفوظ اور مستحکم خطے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔