دنیا
ایلون مسک اور زکر برگ کے درمیان کیج فائٹ، کون جیتے گا؟
ٹیسلا اور ٹویٹر کے مالک ایلون مسک اور فیس بک کمپنی میٹا کے مالک مارک زکربرگ نے لوہے کی پنجرے میں ایک دوسرے سے لڑنے پر آمادگی ظاہر کی لیکن ایلون مسک کی والدہ چاہتی ہیں کہ یہ لڑائی نہ ہو اور لوگ انم کے بیٹے کو اس لڑائی کے لیے نہ اکسائیں۔
ایک پوڈ کاسٹ ہوسٹ لیکس فرائیڈمین نے اس لڑائی کے دیکھنے کا اشتیاق ظاہر کیا تو اس کے جواب میں ٹویٹر پر ایلون مسک کی والدہ نے لکھا کہ اس میچ کی حوصلہ افزائی مت کریں۔
ایک اور ٹویٹ میں ایلون مسک کی والدہ نے لکھا کہ میں نے اس لڑائی کو مسوخ کر دیا ہے اور اس کے لیے میں نے اپنے بیٹے یا مارک زکر برگ سے بات نہیں کی، میں یہ کہتی رہوں گی کہ یہ لڑائی منسوخ ہو چکی ہے۔
ایلون مسک اور زکربرگ سوشل میڈیا پر کئی روز سے تلخ بیانات کا تبادلہ کر رہے تھے اور لڑائی کی وجہ زکربرگ کی طرف سے ٹویٹر کا متبادل پلیٹ فارم بنانے کا منصوبہ ہے۔ اس منصوبے کے اعلان پر ایلون مسک نے طنز کرتے ہوئے لکھا تھا کہ دنیا زکربرگ کے انگوٹھے تلے رہنے کو بے چین ہے، اس پر ایک صارف نے ایلون مسک کو یاد دلایا اور خبردار کیا کہ زکر برگ ان دنوں مارشل آرٹ جیوجتسو کر رہے ہیں۔ اس پر ایلون مسک نے جواب دیا کہ اگر ایسا ہے تو میں ان کے ساتھ کیج فائٹ کے لیے تیار ہوں۔
بدھ کو زکر برگ نے انسٹا گرام پر سٹوری پوسٹ کی اور ایلون مسک سے کیج فائٹ کے مقام کا پوچھا، ایلون مسک نے فوری جواب دیا ویگاس اوکٹاجن۔
بات سوشل میڈیا پر بڑک سے آگے نکل گئی اور یو ایف سی کے صدر نے ٹی ایم ازیڈ سپورٹس کو بتایا کہ انہوں نے دونوں سے بات کی ہے اور وہ اس لڑائی کے لیے سنجیدہ ہیں۔
ایلون مسک کی والدہ نے دونوں کو اپنے اختلافات پرامن طریقے سے حل کرنے کو کہا ہے اور اپنے بیٹے کو ٹیگ کر کے انہوں نے ٹویٹ کی کہ چار فٹ کے فاصلے سے، آرام کرسیوں پر بیٹھ کر، لفظوں کی لڑائی لڑو، جو سب سے زیادہ مزاح کی باتیں کرے گا وہ جیت جائے گا۔
اگر دونوں میں واقعی کیج فائٹ ہوتی ہے تو دونوں حریفوں کو ایک دوسرے پر کوئی نہ کوئی سبقت پہلے سے حاصل ہے، زکربرگ 39 سال کے ہیں اور ایلون مسک سے 12 سال چھوٹے ہیں، پچھلے ایک سال سے مارشل آرٹ کی تربیت لے رہے ہیں، اپنے پہلے ہی ٹورنامنٹ میں کیلیفورنیا میں پچھلے ماہ زکر برگ نے گولڈ اور سلور میڈل جیتے۔
ایلون مسک بھی مارشل آرٹ سیکھتے رہے ہیں اور حال ہی میں پوسٹ کاسٹ میزبان جو روگن کو انہوں نے بتایا تھا کہ وہ جوڈو، کراٹے اور تائیکوانڈو سیکھتے رہے ہیں جب وہ بچے تھے۔ ایلون مسک نے ٹویٹر پر لکھا تھا کہ وہ باواعدہ ورزش نہیں کرتے تاہم وہ زکربرگ سے 6 انچ زیادہ قامت کے ہیں اور 15 کلو زیادہ وزنی ہیں۔