پاکستان

نگران وزیردفاع کا ایئرہیڈکوارٹرز کا دورہ، اہم سکیورٹی امور پر ایئرچیف سے تبادلہ خیال

Published

on

نگران وزیرِ دفاع، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر، نے ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کے دورے کے دوران سربراہ پاک فضائیہ، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، سے انکے دفتر میں ملاقات کی۔  ملاقات کے دوران بین الاقوامی تزویراتی ماحول اور علاقائی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جدت طرازی سے منسلک منصوبوں اور ملک کے ناقابلِ تسخیر فضائی دفاع کو یقینی بنانے کے لیئے اتحادی ممالک سے حاصل کردہ تکنیکی ٹیکنالوجیز کے بارے میں ایک جامع بریفنگ دی۔ انہوں نے پاکستان ایئر فورس کی آپریشنل تعمیر، اہداف اور مستقبل کی جنگ کے تناظر میں پاک فضائیہ کے بنیادی ڈھانچے میں تبدیلی کے منصوبوں کے بارے میں بھی معزز مہمان کو آگاہی فراہم کی۔ ائیر چیف نے پاک فضائیہ کی جانب سے اپنے اہلکاروں کی تربیت کو بہتر بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جنکی بدولت انہیں ایسی صلاحیتوں سے لیس کیا جا رہا ہے جو کہ عصرحاضر کے چیلنجز سے  نمٹنے کے لیئے انتہائی مؤثر  ثابت ہونگی۔ مستقبل کی جنگ میں ہراول دستے میں رہنے کے پاک فضائیہ کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے ایئر چیف نے خلائی، سائبر اور مصنوعی ذہانت کے شعبوں میں ملٹی اسپیکٹرم آپریشنز کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ان اہم شعبوں میں مقامی صلاحیتوں کو استوار کرنے کی مناسبت سے پاک فضائیہ کی اسٹریٹجک تبدیلی کا خاکہ بھی پیش کیا۔ تغیر پذیر سکیورٹی ماحول کے مطابق خود کو ڈھالنے کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے سربراہ پاک فضائیہ نے معزز مہمان کو پاک فضائیہ کی جانب سے نافذ کیے گئے تربیتی پروگرامز اور حاصل کردہ جدید ترین ٹیکنالوجیز کے بارے میں بھی آگاہی فراہم کی۔

پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی پیشہ وارانہ مہارت اور لگن کو سراہتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) انور علی حیدر نے پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ میں پاک فضائیہ کے بہادر جوانوں کے اہم کردار کو سراہا۔ انہوں نے قدرتی آفات کے دوران پاک فضائیہ کی بروقت امدادی کارروائیوں کا اعتراف کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے اہلکاروں کی جانب سے اپنے بنیادی دفاعی فرائض سے بڑھ کر قوم کی خدمت کرنے کے عزم کی تعریف کی۔ جدید عسکری چیلنجز کی تیاری کے حوالے سے معزز مہمان نے پاک فضائیہ کی قیادت کے وژن کی فعالیت کو سراہا۔ نگران وزیرِ دفاع نے پاک فضائیہ کی موجودہ  قیادت پر اپنے غیر متزلزل اعتماد کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ پاک فضائیہ کو جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس کرنے کے ساتھ ساتھ اس امر کو یقینی بنایا جائے گا کہ پاکستان ایئر فورس جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں سب سے آگے رہے۔

نگران وزیرِ دفاع کا ایئر ہیڈ کوارٹرز کا دورہ،  پاکستان کے قومی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے حکومتِ پاکستان کی غیر متزلزل حمایت اور عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version