پاکستان
چیف الیکشن کمشنر مستعفی ہوں، پی ٹی آئی نے تعاون مانگا، ان کا فیصلہ قبول ہوگا، لیاقت بلوچ
جماعت اسلامی نے الیکشن دھاندلی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کاکہنا ہے حالیہ انتخابات میں دھاندلی پارلیمانی نظام کے ماتھے پر سیاہ دھبہ ہیں، متنازعہ الیکشن سے بننے والی حکومت بھی متنازعہ ہوگی،نگراں حکومتیں جمہوریت کے لیے نقصان دہ ہوتی ہیں،جماعت اسلامی کامطالبہ ہے چیف الیکشن کمشنرغیر جانبدارانہ انتخابات میں ناکامی پرفی الفور مستعفی ہوں اور نگران وزیراعظم سپریم کورٹ میں الیکشن دھاندلی پر ریفرنس دائر کریں۔
منصورہ لاہور میں سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف اور سینئر رہنما نذیر جنجوعہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نےکہاکہ زور زبردستی یا انجیئرنگ سے کامیاب ہوئے لوگ رسوا ہیں،جو جیت گئے وہ بھی پریشان جو ہار گئے وہ بھی پریشان ہیں۔ تیس سے چالیس حلقوں کو ٹارگٹ کرکے نتائج تبدیل کئے گئے اور حکومت سازی کےلئے انجیئرنگ کی گئی، فارم پینتالیس سے فارم سینتالیس کے نتائج تبدیل کئے گئے جماعت اسلامی انتخابات میں دھاندلی پر وائٹ پیپر لاکر حقائق قوم کے سامنے رکھے گی۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا جماعت اسلامی کے قومی اسمبلی میں پچیس لاکھ ووٹرز اور صوبائی اسمبلی میں چوبیس لاکھ ووٹرز ہیں جنہیں کم کیاگیا اور قوم کو دھڑوں میں تقسیم کیاگیا، انتخابات میں دھاندلی پر کراچی اور اسلام آباد میں احتجاج جاری ہے، اب ملک میں غیر جانبدار الیکشن کےلئے سیاسی جماعتوں کو لانگ ٹرم لائحہ عمل بنانا ہوگا جبکہ جمہوریت پر ڈاکہ زنی کرنے والی جماعتوں کو بلیک میل کرتی ہیں، یہ الیکشن دھاندلی زدہ ہے نتائج جعلی ہیں اس کے نتیجے میں حکومت بھی متنازعہ ہے، نگران حکومتیں جمہوریت کےلئے نقصان دہ ہوتی ہیں لہذا نگران حکومت کے ڈیزائن کو ازسر نو دیکھنا ہوگا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے جماعت اسلامی سے رابطہ کیاگیا ہے، امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے مشاورت کی اور پی ٹی آئی رابطہ کا خیر مقدم کیا، انکی پی ٹی آئی سے قومی و صوبائی اسمبلی کی کوئی ڈیمانڈ نہیں، پی ٹی آئی کے تمام قائدین سے مذاکرات جاری ہیں لیکن وہ صرف کے پی میں تعاون چاہتے ہیں، عوامی مینڈیٹ کی خاطر پی ٹی آئی جو بھی فیصلہ کرے ہم ان کے فیصلوں کا خیر مقدم کریں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کا احترام کرتےاور ان کے بیان کی حمایت کرتے ہیں لیکن دعا کرتے ہیں اللہ انہیں اپنے بیان پر قائم رہنے کی توفیق عطا فرمائے،انہوں نے تسلیم کرتے ہوئے کہاکہ پولرائزیشن کی وجہ سے جماعت اسلامی کوُووٹ نہیں ملا۔