تازہ ترین
وزیراعلیٰ سندھ نے نئے این ایف سی ایوارڈ اور صوبوں کا شیئر بڑھانے کا مطالبہ کردیا
وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ نے نئے قومی مالیاتی ایوارڈ ( این ایف سی) اور صوبوں کا شیئر بڑھانے کا مطالبہ کردیا۔
کراچی میں سینیٹ الیکشن کے لیے پارٹی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے بعد الیکشن کمیشن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ جنرل نشستوں پر 9 کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں،پیپلز پارٹی کے صوبائی ممبران پی پی امیدواروں کو کامیاب کرائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہاکہ سینیٹ کا سیکرٹ ووٹ ہوتا ہے،وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کا ووٹ اوپن ہوتا ہے،کہا جاتا ہے ووٹ زیادہ ملے یا کم مل گئے یہ منطق سمجھ نہیں آتی،کوشش کریں گے زیادہ سے زیادہ سیٹیں حاصل کرسکیں،ووٹر کی مرضی ہے جسے چاہے ووٹ دے۔
مرادعلی شاہ نے کہا کہ خواہش ہے سینیٹ میں پی پی کو 12 میں سے 12 نشستیں ملیں،فیصل واوڈا جو کہہ رہے ہیں اس کا مجھے علم نہیں۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ وفاق سے کہا ہے نیا این ایف سی ایوارڈ لایا جائے،این ایف سی ایوارڈ میں صوبوں کا حصہ کم نہیں ہوسکتا بڑھ سکتا ہے،وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ میں کٹوتی نہیں کرسکتی۔