پاکستان

وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی کی سڑکوں اور گرین بیلٹس سے تجاوزات ہٹانے کی ہدایت کردی

Published

on

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت کراچی کے مسائل پر اجلاس منعقد ہوا ،اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی شہر کی سڑکوں اور گرین بیلٹ پر تجاوزات پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میئر اور کمشنر کراچی کو تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دے دیں ۔وزیراعلیٰ سندھ نے تمام پارکنگ پلازا کو فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔

اجلاس کے آغاز میں وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی شہر کی سڑکوں اور گرین بیلٹ پر تجاوزات پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کون سے اختیارات کے تحت کوئی بھی ان تجاوزات کی اجازت دیتا ہے؟ اگر شہر میں تجاوزات جاری رہے تو میں ان علائقہ کے تمام افسران کے خلاف کارروائی کروں گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کو صاف ستھرا اور خوبصورت شہر بنانے میں بلدیاتی اداروں کے ساتھ مصروف ہے جبکہ دوسری طرف کچھ لوگ شہر میں تجاوزات کرنے میں مصروف ہیں،کوئی بھی فٹ پاتھ، گرین بیلٹ، سروس روڈ پر تجاوزات کی اجازت نہیں دے سکتا،کچھ نجی دفاتر نے فٹ پاتھ پر اپنے جنریٹر رکھے ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ تمام تجاوزات کے خاتمہ کیلئے بلدیاتی اداروں، پولیس اور شہری انتظامیہ کو ہدایت کردی ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے میئر اور کمشنر کراچی کو تمام تجاوزات ہٹانے کی ہدایات دیں اور کہا کہ ڈی سی اور پولیس ان تجاوزات کو ہٹانے میں بھرپور مدد کریں گے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے حیدرآباد، سکھر، میرپورخاص اور دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹرز سے تجاوزات ہٹانے کی بھی ہدایت کی،وزیراعلیٰ سندھ نے تمام پارکنگ پلازا کو فعال کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ غیر قانونی یا سڑکوں پر پارکنگ کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سڑکوں پر ملبہ چھوڑ دیا جاتا ہے، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سرکاری و غیر سرکاری عمارت تعمیر کرنے والے سڑکوں پر ملبہ نہیں ڈالیں گے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی ایسے بلڈرز کے خلاف کارروائی کرے۔

اجلاس میں صوبائی وزراء ناصر شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ، ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ امتیاز شاہ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی رشید سولنگی، ایڈیشنل آئی جی کراچی عمران یعقوب، ایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین اور تمام ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین

Exit mobile version