پاکستان
عمران خان کے لیے چلہ کاٹا، پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹا ہوا ہوں، شیخ رشید
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے دوات کے نشان پر قومی اسمبلی کے دو حلقوں این اے 56 اور این اے57 سے الیکشن لڑنے کا اعلان کردیا ہے۔ انہوں نے الیکشن میں بھاری اکثریت سے جیت کا بھی دعویٰ کیا۔
اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ تین حلقوں سے الیکشن لڑنے کی خبر بے بنیاد ہے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے 8 فروری کو الیکشن کرانے کی تاریخ دی ہے، اب کوئی گنجائش نہیں رہی کہ انتخابات التوا کو شکار ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اللہ نہ کرے پی ٹی آئی کا سامنا ہو، پی ٹی آئی اور عمران خان کے لیے چلہ کاٹا ہے، قربانیاں دیں، میں نے اس کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا۔
میں عوامی مسلم لیگ کی جانب سے الیکشن لڑوں گا لیکن پی ٹی آئی کی حمایت حاصل کر لی ہے، مجھے خوشی ہے کہ پی ٹی آئی میرے ساتھ 56 اور 57 میں کھڑی ہے ،شیخ رشید pic.twitter.com/aaySlkwnjp
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) December 21, 2023
ان کا کہنا تھا کہ میں نے کسی کے خلاف کوئی پریس کانفرنس نہیں کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں اصلی اور نسلی ہوں، پی ٹی آئی کے ساتھ ڈٹا ہوا ہوں، پی ٹی آئی اور عوامی مسلم لیگ شروع سے اکٹھے ہیں، ہم نے کیا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنی ہے۔
اس موقعے پر پرویزالٰہی نے بھی شیخ رشید کی حمایت کا اعلان کردیا، جس پر شیخ رشید نے کہا کہ میں پرویزالٰہی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا ساتھ دیا، خوشی ہے کہ پی ٹی آئی میرے ساتھ 56 اور 57 میں کھڑی ہے۔