ٹاپ سٹوریز
سائفر کیس، دوبارہ اٹک جیل میں سماعت، عمران خان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع
عمران خان کے خلاف اٹک جیل میں سائفر کیس کی سماعت کرتے ہوئے خصوصی عدالت نے ان کے ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کر دی۔
بدھ کو اٹک جیل میں سائفر کیس سے متعلق سماعت کرتے ہوئے خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے چیئرمین پی ٹی آئی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 ستمبر تک توسیع کی۔
سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو پہلے بھی 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اٹک جیل میں قید رکھا گیا تھا۔ آج ان کا 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر دوبارہ اس مقدمے کی سماعت کی گئی۔
اس سے قبل بھی سکیورٹی وجوہات کی بنا پر سائفر کیس کی سماعت اٹک جیل میں ہوئی تھی۔ عمران خان نے گذشتہ سماعت کا اٹک جیل عدالت منتقلی کا نوٹیفکیشن ہائیکورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے منگل کو دلائل سننے کے بعد اس درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔
اس سے قبل اٹک جیل کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین کے وکیل سلمان صفدر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تمام درخواستیں زیر التوا ہیں سب سے اہم درخواست ضمانت کی ہے۔ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے کے بعد آج دیکھتے ہیں کہ سرکار کیا کہتی ہے۔پراسیکیوشن ضمانت کی درخواست پر عدالت کی معاونت نہیں کر رہی۔
انھوں نے کہا کہ چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اٹک جیل میں رکھنے کی کوئی مناسب وجہ نہیں ہے۔