Urdu Chronicle

Urdu Chronicle

ٹاپ سٹوریز

بجلی کے بھاری بھرکم بلوں پر شہر شہر احتجاج، بجلی کمپنیوں کے عملے پر تشدد کے واقعات

Published

on

بجلی کی قیمتوں اوراووربلنگ پرملک کےمختلف شہروں میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، کئی شہروں میں مظاہرین نے بجلی کے بل جلائےاور بل ادا نہ کرنے کا اعلان کیا، عوام میں اشتعال کی وجہ سے بجلی کمپنیوں نے عملے اور دفاتر کی سکیورٹی کے اضافی اقدامات کی درخواست کردی۔

پشاورکے علاقے گنج گیٹ میں تاجروں اور شہریوں نے پیسکو کے خلاف شدید احتجاج کیا، مظاہرین نے سرکلر روڈ کو بند کردیا، مشتعل مظاہرین نے بجلی بل بھی نذر آتش کئے۔

ملتان کے علاقے جلالپور پیر والا میں شہریوں نے بجلی کے بل گدھوں پر رکھ کر احتجاج کیا اور سڑک بلاک کردی۔

پیرمحل بار ایسوسی ایشن نے مہنگائی اور بجلی بلوں میں اضافے کے خلاف ہڑتال کی،جڑانوالہ میں ننکانہ،جڑانوالہ روڈ 8چک سٹاپ پر احتجاجاً ٹریفک کی لیے بند کر دیا گیا، شہریوں نے آگ لگا کر احتجاج شروع کیا، جس سے مسافروں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔

وہاڑی  میں مرکزی انجمن تاجران نے احتجاجی مظاہرہ کیا، تاجران نے بجلی کی  قیمتوں میں اضافہ پر شدید نعرے بازی کی،

سرگودھا میں تاجروں نے چونگی نمبر 9 پر بجلی کے بلز جلائے اور سڑک بند کئے رکھی۔ ٹیکسلا میں ختم  نبوت چوک میں شہریوں نے احتجا ج  کیا، مظاہرین نے بجلی قیمتوں میں اضافے کے  خلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔

بجلی کے بلوں سے پریشان عوام نے بجلی کمپنیوں کے اہلکاروں کو زدوکوب کرنا شروع کردیا ہے اور سوشل میڈیا پر ویڈیوز وائرل ہو رہی ہیں جن میں بجلی کمپنیوں کے مبینہ اہلکاروں کے پٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔

شہر شہر احتجاج کے بعد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں نے دفاتر اور عملے کی سکیورٹی کے لیے پولیس سے مدد مانگ لی جبکہ کمپنی کی گاڑیوں کا استعمال بھی ترک کردیا۔

اسلام آبادالیکٹرک سپلائی کمپنی نے پولیس سے سیکورٹی مانگ ہے، لیسکو کی جانب سے گرڈاسٹیشنز اوراہم دفاترپرپولیس تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے ۔۔اس حوالے سے ایگزیکٹوانجینئر آئیسکو آپریشن ڈویژن گوجرخان نے راول پنڈی اورجہلم کے ڈی  پی اوکوخط لکھا ہے۔

پیسکو نے کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے عملے کو زبانی اور تحریری ہدایات جاری کی ہیں، عملے سے کہا گیا ہے کہ بجلی بل قسطوں میں کرنے میں تعاون کیا جائے اور سٹاف اپنی سکیورٹی کے لیے موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں سے فوری طور پر واپڈا کی پہچان ہٹا دے۔

Continue Reading
Click to comment

Leave a Reply

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مقبول ترین