پاکستان
پرائیویٹ حج ٹوور آپریٹرز کے خلاف شکایات، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے سیکرٹری مذہبی امور کو طلب کر لیا
پبلک اکاؤنٹس کمیٹی نے پاکستانی عازمین کو حج کے دوران سہولیات کی عدم دستیابی کا سخت نوٹس لیا ہے۔ پی اے سی نے پرائیویٹ حج ٹوورآپریٹرز کے خلاف حاجیوں کی درخواستوں پرایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا اور سیکرٹری مذہبی امور کو طلب کرلیا۔
چیئرمین نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا اجلاس ہوا، نورعالم خان نے کہا کہ نجی ٹوور آپریٹرز نے 40 لاکھ روپے تک وصول کیے مگر حاجیوں کو زیارات بھی نہیں کرائی، حاجیوں کا جتنا بُرا حال اس دفعہ حج کے دوران ہوا، اس سے پہلے کبھی نہیں ہوا۔
نورعالم خان نے کہا کہ حاجیوں کو انتہائی خستہ حال رہائش اورگندے بستر فراہم کیے گئے،خواتین نے درخواست دی کہ ان کے ساتھ بدتمیزی اور نہایت بُرا سلوک کیا گیا،سوا 2 سو لوگ وزارت سے مفت حج پر گئے کیا وہاں جا کر جھک مارتے رہے؟۔
چیئرمین نورعالم خان نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے نجی آپریٹرز کا لائسنس چیک کرے اور زائد المعیاد کو منسوخ کرے۔