تازہ ترین
پاکستان کے الیکشن میں ووٹروں کو دبانے کی اطلاعات پر تشویش ہے، ترجمان وائٹ ہاؤس
امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ امریکہ کو پاکستان کے انتخابات میں دھمکیوں اور ووٹروں کو دبانے کی اطلاعات پر تشویش ہے۔
پریس بریفنگ کے دوران جان کربی سے سوال کیا گیا کہ اب جبکہ پاکستانی انتخابات ختم ہوچکے ہیں، کئی امریکی ارکان کانگریس نے اس سے نمٹنے کے طریقے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ آزاد اور منصفانہ نہیں ہے۔ کیا وائٹ ہاؤس یہ مانتا ہے کہ پاکستانی انتخابات آزادانہ اور منصفانہ نہیں تھے اور وہاں عوام کے مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا گیا؟
اس پر جان کربی نے جواب دیا کہ ہم فکر مند ہیں۔ اور ہم ان کے بارے میں اپنے خدشات کا اظہار کرتے ہیں – کچھ ایسی رپورٹس جو ہم نے پاکستان سے ڈرانے، ووٹر کو دبانے، اس قسم کی چیزوں کے حوالے سے سنی ہیں۔ ہم اسے بہت قریب سے دیکھ رہے ہیں۔
جان کربی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں، ووٹوں کی گنتی اب بھی ہو رہی ہے۔ لہذا، بین الاقوامی مانیٹر اب بھی ان پر نظر ڈال رہے ہیں۔ میں اس عمل سے آگے نہیں جا رہا ہوں۔