کھیل
بھارتی سورما صرف آئی پی ایل کے شیر، انٹرنیشل کرکٹ میں ڈھیر
آئی پی ایل یا دھونی کی ریٹائرمنٹ ؟بھارتی ٹیم آئی سی سی ایونٹس میں ناکامی کی وجہ کیا ہے؟
دنیاکا سب سے بڑا کرکٹ بورڈ اور دنیا کی بڑی ٹیم بھارت کی آئی سی سی ایونٹس میں ناکامی کی وجہ کیا ہے؟ 2021 میں نیوزی لینڈ اور 2023 میں کینگروز کے ہاتھوں شکست سے بھارتی ٹیم کا دامن داغ دار ہو گیا ہے۔
سن 2013 میں بھارت نے آخری بار آئی سی سی ایونٹ جیتا تھا ، مہندرا سنگھ دھونی کی قیادت میں بھارتی ٹیم نے 2013 میں آئی سی سی چیمئن ٹرافی میں انگلینڈ کو شکست دی تھی، اسکے بعد آج تک کسی بھی آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں کامیاب نہیں ہو سکی۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2023 کے فائنل میں شکست:
آسٹریلیا کے ہاتھوں شکست نے شرما الیون کے بڑے ناموں کی ٹیم میں جگہ پر سوال اٹھا دئیے ہیں،فائنل لائن اپ میں ورلڈ نمبر ون ٹیسٹ باؤلر روی اشون کو شامل نہ کرنے پر منیجمنٹ سمیت کپتان روہت شرما کو فینز اور کرکٹ ایکسپرٹس کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنا یا جارہا ہے،تاہم بھارتی بلے بازوں کی مایوس کن بیٹنگ کی بدولت میچ بھارتی ٹیم کے ہاتھ سے چلا گیا، اجنکیا راہانے کی جانب سے کینگروز باؤلرز کے سامنے مزاحمت کی گئی لیکن اکیلےوہ بھی کچھ نہ کر پائے اور بھارتی ٹیم 444 رنز کے پہاڑ جیسے ہدف کے سامنے ڈھیر ہو گئی۔
آئی پی ایل (شارٹ فارمیٹ کرکٹ) بھارتی ٹیم کی ناکامی کی وجہ:
بھارتی ٹیم کی ہار نے دنیائے کرکٹ کی سب سے بڑی لیگ آئی پی ایل پر بھی کئی سوال اٹھا دئیے ہیں، کرکٹ ایکسپرٹس اور فینز کی جانب سے یہ کہا جارہا ہے کہ بھارتی کھلاڑی صرف اور صرف آئی پی ایل میں پرفارم کرتے ہیں اور انٹرنیشنل کرکٹ میں نہیں کرپاتے۔ سابق بھارتی و انٹرنیشنل کرکٹرز کی جانب سے یہ کہا جارہا ہے کہ آئی پی ایل کرکٹ کا شارٹسٹ فارمیٹ ہے، اس میں پرفامنس کی بنا پر انٹرنیشنل کرکٹ کی ٹیم نہیں بنائی جا سکتی،آئی پی ایل میں پیسے کو پانی کی طرح بہایا جاتا ہے اور دنیا بھر سے کرکٹ کے بڑے نا م لیگ میں شامل کئے جاتے ہیں ، لیکن لیگ کرکٹ اور انٹرنیشنل کرکٹ میں فرق ہوتا ہے اس کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
مہندرا سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ:
سابق بھارتی کپتان مہندرا سنگھ دھونی کی ریٹائرمنٹ کے بعد بھارتی ٹیم کو ئی آئی سی سی ایونٹ جیتنے میں کامیا ب نہیں ہوئی اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں ہار نے مداحوں کو دھونی کی یاد دلا دی ہے، دھونی کی موجودگی بھارتی ٹیم مزید مضبوط بنا دیتی تھی وہ ایک جارحانہ مزاج کپتان تھے، دھونی کے بعد کوہلی اور اب شرما بھی جارحانہ مزاج سے کپتانی کر رہے ہیں لیکن دوران میچ کنڈیشنز کے مطابق فیصلہ کرنے کی صلاحیت صرف دھونی میں ہی تھی جس کو بھارتی ٹیم شدید مس کررہی ہے۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2021 کے فائنل میں شکست:
بھارت نے 2021 میں کیویز کیخلاف ساؤتھمپٹن کے "روز باؤل اسٹیڈیم ” میں ویرات کوہلی کی قیادت میں ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل کھیلا، جس میں بھارتی بلے بازوں کی کارکردگی مایوس کن رہی اور نیوزی لینڈ کی ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کو 8 وکٹوں سے شکست دی، فائنل میں ہار نے ویرات کوہلی کی کپتانی پر کئی سوال اٹھائے جس کے بعد انہیں کپتانی سے ہٹا دیا گیا۔
مداحوں کی مایوسی اور شدید تنقید
بھارتی کرکٹ ٹیم کی اس ہار نے بھارتی مداحوں کو شدید مایوس کر دیا ہے اور مداحوں کی جانب سے بھارتی ٹیم کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر بھارتی ٹیم کے کپتان روہت شرما سمیت ویرات کوہلی، روی جدیجہ، چتیشور پجارا اور سینئر کھلاڑیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے، مداحوں نے بھارتی ٹیم کی آئی سی سی ایونٹس میں ہار کا ذمہ دار آئی پی ایل کو قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی کھلاڑی بطور ٹیم گراؤنڈ میں نہیں پرفام کررہے اور وہ جب تک ایک ٹیم بن کر نہیں کھیلیں گے وہ آئی سی سی ایونٹس میں کامیابی نہیں حاصل کر سکتے۔