کھیل
سری لنکا کی ٹیم کو ڈی سلوا کا سہارا،6 وکٹوں پر 242 رنز بنا لیے، شاہین شاہ کی ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری
پاکستان کے خلاف گیل میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے پہلے روز دھننجایا ڈی سلوا نے 94 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر پہلے سیشن میں 54 رنز پر چار وکٹیں گنوا دینے والی سری لنکن ٹیم کو سہارا دے کر 242 رنز تک پہنچا دیا اور سری لنکا کی ابھی 4 وکٹیں باقی ہیں۔
پانچویں وکٹ کی شراکت میں ڈی سلوا اور اینجلو میتھیوز نے 131 رنز کا اضافہ کیا، ایک سال بعد ٹیسٹ کرکٹ میں واپس آنے والے شاہین شاہ آفریدی نے کھیل کے پہلے سیشن میں تین وکٹیں حاصل کیں۔
میتھیوز نے پاکستان کے تیز گیند باز شاہین شاہ آفریدی کے بارے میں کہا کہ میں نے اس طرح کی خشک وکٹ پر فاسٹ بالرز کو ایسی بالنگ کرتے کم دیکھا ہے وہ آج شاندار تھا۔
میتھیوز نے کہا کہ بارش کے بعد وکٹ بالرز کو سوئنگ اور سیم میں مدد دے رہی تھی اور اعلیٰ معیار کے بالرز اس وکٹ پر سیم کر رہے تھے۔
ڈی سلوا اپنے پارٹنر کی وکٹ گرنے کے بعد بھی وکٹ پر جمے رہے، سدیرا سمارا وکرما نے 36 رنز بنائے، سمارا وکرما آغا سلمان کی سپن گیند پر آؤٹ ہوئے، کھیل کو بارش کی وجہ سے دو بار روکنا پڑا اور 24.2 اوور کا کھیل نہ ہوسکا۔
ڈی سلوا نے شاندار کٹ، ڈرائیو اور پل شارٹس کھیلے اور دس چوکے، 3 چھکے لگائے، کھیل کے آخری گھنٹے میں انہوں نے رفتار کم کی کیونکہ اپنے 50 ویں میچ میں سنچری مکمل کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
میتھیوز کا یہ 105 واں میچ ہے اور انہوں نے ٹیسٹ کیریئر کی 39 ویں نصف سنچری سکور کی۔ دونوں بلے بازوں کی جوڑی پرسکون اور مطمئن نظر آ رہی تھی لیکن لیگ سپنر ابرار احمد نے میتھیوز کو وکٹوں کے پیچھے آؤٹ کرادیا۔
سری لنکا لنچ کے وقت تک مشکل میں دکھائی دے رہا تھا، آفیشلز نے بارش کی وجہ سے ٹائم ایڈجسٹ کرتے ہوئے لنچ بریک ایک گھنٹہ پیچھے کردی تھی۔
شاہین شاہ آفریدی نے 26 ویں میچ میں ٹیسٹ وکٹوں کی سنچری مکمل کی، انہوں نے نشان مدوشکا کو اپنے دوسرے ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ شاہین شاہ آفریدی اسی میدان میں ایک سال پہلے زخمی ہو کر ٹیسٹ میچوں سے باہر ہوئے تھے۔
پہلی وکٹ گرنے کے بعد بارش ہوگئی اور بارش کے بعد کھیل شروع ہوتے ہی شاہین شاہ آفریدی نے کشال مینڈس کو 12 وکٹوں پر پویلین واپس بھجوادیا۔
کپتان دیموتھ کرونارتنے نے چند ایک شارٹس کھیلیں لیکن پھر شاہین شاہ آفریدی نے انہیں بھی 29 رنز پر کیچ آؤٹ کرادیا۔
فاسٹ بالر نسیم شاہ نے دنیش چندی مل کو ایک تیز ڈیلوری کے ساتھ صرف ایک رنز پر گھر بھیجا، کپتان بابر اعظم نے تھرڈ سلپ میں ایک مشکل کیچ پکڑا۔
پاکستان کے ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈبرن نے کہا کہ شاہین آفریدی اور نسیم شاہ اس بیٹنگ فرینڈلی وکٹ پر خصوصی محنت کرنا پڑی، دونوں بہت اچھا کھیلے۔ ہم دوسرے دن کے لیے تیار ہیں اور نیا گیند زیادہ دور نہیں۔