پاکستان
سپیکر بلوچستان اسمبلی کے حلقہ میں 12 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ پولنگ کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ
الیکشن کمیشن نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کے حلقہ میں 12 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی کے حلقہ کے 12 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرانے کے خلاف درخواست پر سماعت چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیشن نے کی۔
وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو معاملہ پر دوبارہ سماعت کی ہدایت کی ہے،کئی حلقوں میں ووٹر ٹرن آؤٹ غیر فطری طور پر زیادہ تھا،الیکشن کمیشن نے پی بی 51 کے 12 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔
وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ کئی حلقوں میں 99 فیصد ووٹس کاسٹ کیے گئے، زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ کا مطلب یہ نہیں کہ پولنگ کے دوران گڑبڑ ہوئی۔
ممبرالیکشن کمیشن نثار درانی نے کہا کہ 12 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرانے کی ووٹر ٹرن آؤٹ کے علاوہ بھی وجوہات تھیں، 60 دن گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن پورے حلقے میں دوبارہ الیکشن کرانے کا حکم نہیں دے سکتا۔
ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو قانون کے مطابق معاملہ دوبارہ دیکھنے کی ہدایت کی ہے۔
وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ جن پولنگ اسٹیشنز پر ٹرن آؤٹ زیادہ ہے وہاں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں،بلوچستان میں خواتین کو ووٹ ڈالنے نہیں دیا جاتا تو ووٹر ٹرن آؤٹ 99 کیسے ہوگیا؟
چیف الیکشن کمشنرنے کہا کہ الیکشن کمیشن نے ضروری سمجھا تو غیر معمولی ووٹر ٹرن آؤٹ کی تحقیقات کروائے گا۔
اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبد الخالق کے وکیل نے کہا کہ 60 روز گزرنے کے بعد الیکشن کمیشن اس کیس کی دوبارہ سماعت نہیں کرسکتا۔
ممبر الیکشن کمیشن بابر حسن بھروانہ نے استفسار کیا کہ اگر ایسا تھا تو سپریم کورٹ نے معاملہ الیکشن کمیشن کو کیوں بھجوایا؟
سپیکر بلوچستان اسمبلی کے وکیل نے کہا کہ این اے 266 میں بھی زیادہ تناسب سے ووٹ ڈالے گئے لیکن وہاں دوبارہ الیکشن نہیں کرایا گیا، سپریم کورٹ نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کی معطلی کا فیصلہ کالعدم قرار دیا،کسی فریق نے پی بی 51 کے مکمل حلقے پر الیکشن دوبارہ کرانے کی استدعا نہیں کی،الیکشن کمیشن اس معاملے کو الیکشن ٹریبونل کو بھجوا دے۔
سپیکر بلوچستان اسمبلی کے وکیل نے کہا کہ جن 12 پولنگ سٹیشنز کو چیلنج کیا گیا وہاں اصغر خان نے زیادہ ووٹ حاصل کیے۔
وکیل وسیم سجاد نے کہا کہ سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کو پی بی 51 میں غیر معمولی ووٹر ٹرن آؤٹ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے سپیکر بلوچستان اسمبلی کے حلقہ میں 12 پولنگ سٹیشنز پر دوبارہ الیکشن کرانے کے خلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔