پاکستان
شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ
اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر شیریں مزاری کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا ،،عدالت نے استفسار کیا کہ پورے اسلام آباد میں کئی لوگوں پرکریمنل کیسز ہیں صرف شیریں مزاری کا نام کیوں شامل کیا گیا ؟
اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے سماعت کی، وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل، ڈپٹی اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہوئے، پولیس کی جانب سے وکیل طاہر کاظم عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ پورے اسلام آباد میں کئی لوگوں پرکریمنل کیسز ہیں صرف شیریں مزاری کا نام کیوں شامل کیا گیا؟
پولیس کے وکیل طاہر کاظم نے بتایا کہ شیریں مزاری کے خلاف سات مقدمات درج ہیں۔ جن کے پاس کھانا پینا نہیں ہوتا انھوں نے تو بیرون ملک نہیں جانا ہوتا، شیریں مزاری کی ٹریول ہسٹری کافی زیادہ ہے، ان لوگوں سے کوئی ڈر نہیں ہوتا جن کی ٹریول ہسٹری نہ ہو یا کھانے پینے کی کمی ہو۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ کیسز درج ہیں یا ٹریول ہسٹری زیادہ ہے یہ تو کوئی بات نہ ہوئی۔
عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد شیریں مزاری کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔