پاکستان
ملک بھر میں یونین کونسل کی سطح پر قومی شناختی بنانے اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے عوام کی سہولت کیلئے بڑے فیصلے کئے ہیں،پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ بنانے اور تجدید کی سہولت دی جائے گی،،پاکستان بھر میں یونین کونسل کی سطح پر بائیو میٹرک مشینیں لگائی جائیں گی،وزیر داخلہ نے یونین کونسل کی سطح پر شناختی کارڈ اور تجدید کی سہولت فراہم کرنے کے پلان کو چند روز میں حتمی شکل دینے کی ہدایت کی ہے۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا،وزیر داخلہ نے شناختی کارڈز کے نظام کو فول پروف۔ بہتر اور تیز رفتار بنانے کا پلان طلب کر لیا۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا سنٹرز کے دورے کئے،حالات کا جائزہ لیا، عوام کو مشکلات کا سامنا ہے،ایسا پلان بنایا جائے جس سے نادرا سنٹرز پر آنے والوں کو آسانی ہو اور کام بلا تاخیر ہو۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے 6 بڑے شہروں میں نادرا سنٹرز میں اضافے کا 7 روز میں پلان طلب کر لیا اور کہا کہ کراچی۔ لاہور، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی میں مزید سنٹرز بنانے کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جعلی شناختی کارڈ مافیا کے خاتمے کے لئے موثر ایکشن کا بھی حکم دیا،وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے نادرا آپریشنل روم کا دورہ کیا۔وفاقی وزیرداخلہ کو پاکستان بھر کے نادرا سنٹرز کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے نظام کے بارے بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چئیرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا،نادرا کو عوام کے لئے مزید فرینڈلی بنانے کے لیے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا،وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور نادرا کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔